سیہور ضلع کے بدھنی میں تین افراد کے قتل سے سنسنی، گھر میں شوہر، بیوی اور بیٹے کی لاشیں برآمد
سیہور، 18 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے سیہور ضلع کے بدھنی میں بدھ کی صبح ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے قتل کا معاملہ سامنے آنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ وارڈ نمبر-21 میں واقع ایک مکان سے شوہر، بیوی اور ان کے بیٹے کی لاشیں ملیں۔ تینوں کے سروں پر شدی
گھر میں شوہر، بیوی اور بیٹے کی لاشیں ملیں


سیہور، 18 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے سیہور ضلع کے بدھنی میں بدھ کی صبح ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے قتل کا معاملہ سامنے آنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ وارڈ نمبر-21 میں واقع ایک مکان سے شوہر، بیوی اور ان کے بیٹے کی لاشیں ملیں۔ تینوں کے سروں پر شدید چوٹ کے نشانات ملے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ منگل کی رات جب خاندان کے افراد گھر میں سو رہے تھے، اسی وقت نامعلوم حملہ آوروں نے اس واردات کو انجام دیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے فارنسک اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے شواہد جمع کرنے شروع کر دیے ہیں۔

مہلوکین کی شناخت راکیش مینا (45)، ان کی بیوی رادھا مینا (40) اور بیٹے اشون (24) کے طور پر ہوئی ہے۔ بدھ کی صبح گھر میں بندھی بکریوں کی مسلسل آوازیں سن کر ایک پڑوسی وہاں پہنچا۔ گھر کے اندر تینوں کی لاشیں دیکھ کر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ کچھ ہی دیر میں پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی مکان کے باہر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔

اے ایس پی پرشانت چوبے نے بتایا کہ یہ واقعہ وارڈ نمبر-21 کا ہے۔ بدھ کی صبح ایک پڑوسی نے گھر میں بندھی بکریوں کی مسلسل آوازیں سنیں۔ وہ دیکھنے کے لیے مکان پہنچا تو اندر خاندان کے تینوں افراد مردہ ملے۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم، یہ ابھی واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس واردات کو کس نے اور کس وجہ سے انجام دیا۔

اطلاع ملتے ہی ایس ڈی او پی روی شرما اور تھانہ انچارج سنیل ٹھاکر پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے۔ پولیس افسران نے مکان کا معائنہ کیا۔ شواہد جمع کرنے کے لیے ایف ایس ایل، فنگر پرنٹ ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم کو بھی طلب کیا گیا۔ پولیس خاندان کے واقف کاروں، رشتہ داروں اور آس پاس رہنے والے لوگوں سے معلومات حاصل کر رہی ہے۔ قتل کے ممکنہ اسباب اور مشتبہ افراد کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے۔

معلومات کے مطابق، مہلوک خاندان بنیادی طور پر شاجاپور ضلع کا رہنے والا تھا۔ راکیش اور ان کی بیوی پہلے ایک ٹھیکیدار کے پاس مزدوری کرتے تھے۔ بعد میں انہوں نے اپنا کام شروع کردیا تھا۔ راکیش میلوں میں جوتے اور چپل کی دکان لگاتے تھے۔ خاندان نے تقریباً 3 سال پہلے بدھنی میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مکان تعمیر کیا تھا۔

تقریباً ایک ماہ پہلے خاندان کے ساتھ سڑک حادثہ بھی پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں رادھا کے ہاتھ اور راکیش کی ٹانگ میں فریکچر ہوگیا تھا۔ اس کے بعد سے پولیس خاندان کے حالات کے بارے میں بھی معلومات جمع کر رہی ہے۔ فی الحال تینوں کے قتل کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande