
رانچی، 18 نومبر (ہ س)۔ راجدھانی رانچی کے دھرووا علاقے میں واقع جے پی مارکیٹ میں فوڈ کارنر کے ایک باورچی کو چاقو مار کر قتل کرنے کے معاملے کا پولیس نے انکشاف کر دیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مرکزی ملزم امت کمار رائے کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ دھرووا علاقے کا ہی رہنے والا ہے۔ پولیس نے اس کی نشاندہی پر قتل میں استعمال کیا گیا خون آلود چاقو، ایک موبائل فون اور واردات کے وقت پہنی گئی قمیص بھی برآمد کر لی ہے۔
سٹی ایس پی پارس رانا نے بدھ کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ 17 نومبر کی رات امت رائے نے جے پی مارکیٹ میں واقع ’ٹیسٹی انڈا سینٹر‘ کے قریب ایک دکان پر چکن لالی پاپ کا آرڈر دیا تھا۔ آرڈر ملنے میں تاخیر ہونے پر وہ ناراض ہوگیا اور اس نے دکان کے کاریگر اجے کمار داس کی گردن پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ اس حملے میں اجے شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی دھرووا تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی کاریگر کو علاج کے لیے پارس اسپتال پہنچایا، تاہم علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) راکیش رنجن کی ہدایت پر ہٹیا کے ڈی ایس پی نیرج کی قیادت میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس نے جائے وقوع کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کرکے ملزم کی شناخت کی اور اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم امت رائے کا مجرمانہ ریکارڈ بھی رہا ہے۔ اس کے خلاف سال 2025 میں دھرووا تھانے میں مقدمہ نمبر 59/25 درج کیا گیا تھا۔
اس معاملے میں دھرووا تھانہ کیس نمبر 307/26 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس مزید قانونی کارروائی اور تفتیش میں مصروف ہے۔
چھاپہ مار ٹیم میں ہٹیا کے ڈی ایس پی نیرج کمار جھا، دھرووا تھانہ انچارج انل کمار تیواری سمیت دیگر پولیس افسران اور مسلح دستے کے اہلکار شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد