
وارانسی، 17 نومبر(ہ س)۔
اترپردیش کے ضلع وارانسی میں بڑاگاؤں تھانہ علاقے کے تحت بابت پور ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک ہوٹل میں پیر کی دیر شام سنسنی خیز واردات پیش آئی۔ خود کو میاں بیوی ظاہر کرکے ہوٹل میں مقیم ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ، جورشتے میں اس کی سالی لگتی تھی، کا گلا کاٹ کرقتل کردیا او اس کے بعد خود بھی پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی دونوں متوفیان کے اہل خانہ میں کھلبلی مچ گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق منڈواڈیہ تھانہ علاقے کے بھکاری پور(ڈی ایل ڈبلیو) کے رہنے والے جے وکاس (20) ولد راج پرکاش کیسری اور بڑاگاؤں تھانہ علاقے کے بسنی کی رہنے والی پریا کیسری (23) دختر نند لال کیسری نے پیر کی دوپہر بابت پور میں واقع ’کے جے انٹرنیشنل ہوٹل‘ میں ایک کمرہ بک کرایا تھا۔ دونوں نے ہوٹل کے عملے کو خود کو میاں بیوی بتایا تھا۔ رات تقریباً 10 بجے جب ہوٹل کا عملہ کھانے کا آرڈر لینے کمرے کے پاس پہنچا تو اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ عملے نے اس کی اطلاع منیجر کودی۔ کافی دیر تک دروازہ کھٹکھٹانے اورآواز دینے کے باوجود جب دروازہ نہیں کھلا تو ہوٹل انتظامیہ نے فوراً پولیس کواطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی ڈی سی پی گومتی زون نیتو قادیان، اے ڈی سی پی گومتی زون نریپیندر سمیت بڑاگاؤں تھانے کی پولیس اور فارنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کی موجودگی میں جب کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو اندر کا منظر دیکھ کر سب کے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔ لڑکی کی لاش باتھ روم میں خون سے لت پت پڑی تھی۔ اس کی گردن پر دھار دار ہتھیار (چاقو) سے کیے گئے وار کے گہرے نشانات تھے۔ وہیں نوجوان کی لاش کمرے کے پنکھے سے لٹکتی ہوئی ملی۔ پولیس نے فارنسک ٹیم کی مدد سے موقع سے شواہد جمع کیے اور دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
اہل خانہ سے پوچھ گچھ کے دوران جو باتیں سامنے آئیں، ان کے مطابق متوفیہ پریا بڑاگاؤں میں یونین بینک کے قریب واقع ’اننیا بیوٹی پارلر‘ میں بیوٹیشن کا کام کرتی تھی۔ پریا کی بڑی بہن کی شادی کے بعد اس کی جان پہچان جے وکاس سے ہوئی تھی، جو رشتے میں اس کا بہنوئی (بہن کا دیور) لگتا تھا۔ رفتہ رفتہ دونوں کے درمیان قربتیں بڑھیں اور ان کے درمیان معاشقہ شروع ہوگیا۔
حال ہی میں پریا کی شادی کسی دوسری جگہ طے ہوگئی تھی، جس سے جے وکاس سخت ناراض تھا۔ وہ مسلسل پریا پراس سے شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ یہاں تک کہ وہ اپنے ساتھ سندور بھی ہوٹل لے کر آیا تھا۔ جب پریا نے اس کی بات نہیں مانی تو غصے میں آکر اس نے اس ہولناک واردات کو انجام دیا اور خود بھی اپنی جان لے لی۔
ڈی سی پی گومتی زون نیتو کادیان نے بتایا کہ دونوں کے اہل خانہ کو اطلاع دے کر موقع پر بلایا گیا تھا۔ ان کی موجودگی میں ہوٹل کا کمرہ کھلوایا گیا۔ ابتدائی طورپرایسا معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان نے لڑکی کا قتل کرنے کے بعد خود پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ دونوں آپس میں رشتہ دار ہیں۔ نوجوان، لڑکی کی بہن کا دیور ہے۔ جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے ضروری شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔ دونوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پنچ نامہ، پوسٹ مارٹم اور دیگر ضروری قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ معاملے کے تمام پہلوؤں سے گہرائی کے ساتھ جانچ کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / انظر حسن