امیٹھی میں تھانے سے تھوڑی دور گھر میں 90 لاکھ روپے کی چوری، پولیس تحقیقات میں مصروف
امیٹھی، 17 نومبر(ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع امیٹھی میں چوروں کے حوصلے اس قدر بلند ہیں کہ اب تھانے کے آس پاس بھی گھر محفوظ نہیں ہیں۔ رام گنج تھانے سے محض 200 میٹر کے فاصلے پر واقع بھادر گاؤں میں بے خوف چوروں نے ایک گھر کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 90 ل
موقع واردات پر پہنچی فارنسک ٹیم۔


واقعے کی تحقیقات کرتی پولیس۔


امیٹھی، 17 نومبر(ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع امیٹھی میں چوروں کے حوصلے اس قدر بلند ہیں کہ اب تھانے کے آس پاس بھی گھر محفوظ نہیں ہیں۔ رام گنج تھانے سے محض 200 میٹر کے فاصلے پر واقع بھادر گاؤں میں بے خوف چوروں نے ایک گھر کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 90 لاکھ روپے کے سونے اور چاندی کے زیورات، ہیرے اور نقد رقم پر ہاتھ صاف کر دیا۔ چور گھر کے پچھلے حصے کی کھڑکی کی جالی نکال کر اندر داخل ہوئے اور 3 الماریوں کے تالے توڑ کر قیمتی سامان سمیٹ کر لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں افراتفری مچ گئی۔

گرام سبھا بھادر کے رہنے والے راجیش کمار سنگھ الٹرا ٹیک سیمنٹ کمپنی میں ڈپٹی جنرل منیجر کے عہدے پر کام کرتے ہیں۔ گزشتہ تقریباً 20 دنوں سے وہ علاج کے سلسلے میں اپنی اہلیہ کے ساتھ لکھنؤ میں مقیم تھے۔ اسی دوران پیر کی شام ان کے بھائی نے فون کرکے گھر کے پچھلے حصے کی کھڑکی کی جالی نکلی ہونے کی اطلاع دی۔ بھائی کی اطلاع پر راجیش کمار سنگھ منگل کی صبح اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر پہنچے۔ اندر کا منظر دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔ چوروں نے 3 الماریوں کے تالے توڑ کر ان کا سارا سامان کھنگال ڈالا تھا۔ متاثرہ شخص کے مطابق چور گھر سے تقریباً 445 گرام سونے کے زیورات، 2 کلو 100 گرام چاندی کے زیورات، تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے ہیرے اور 1 لاکھ 80 ہزار روپے نقد چوری کرکے لے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ 29 تاریخ کو ان کے بیٹے کی منگنی ہونی ہے۔ اس کے لیے انہوں نے ہونے والی بہو کو دینے کے لیے تقریباً 20 لاکھ روپے کے زیورات بنوائے تھے۔ اس کے علاوہ چوری ہونے والے دیگر زیورات ان کی اہلیہ کے تھے۔

راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ وہ گزشتہ تقریباً 40 برس سے کمپنی میں ملازمت کر رہے ہیں۔ تنخواہ اور سالانہ بونس سے ہونے والی بچت سے وہ سونے کے زیورات خرید کر گھر میں محفوظ رکھتے تھے۔ یہی ان کی برسوں کی جمع پونجی تھی، جسے چور ایک ہی رات میں سمیٹ کر لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ڈاگ اسکواڈ اور فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد جمع کیے۔ پولیس نے گھر کے اندر اور آس پاس باریک بینی سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

امیٹھی کے پولیس سرکل افسر شویتابھ بھاسکر نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی اطلاع پر مقامی پولیس کے ساتھ فارنسک اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیموں کو موقع پر بھیجا گیا۔ ٹیم نے شواہد جمع کیے ہیں۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ جلد ہی چوری کے واقعے کا انکشاف کر دیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande