
۔گپئی گاؤں سے پکڑا گیا سونو ورما ، دہلی پولیس کے حوالے کیا گیا، ٹھگی کی رقم کولکاتا پہنچنے کا انکشاف
گریڈیہہ، 16 نومبر (ہ س)۔ گریڈیہہ سائبر تھانے کی پولیس نے کروڑوں روپے کی سائبر ٹھگی کے کئی معاملات میں ملزم سونو ورما کو گرفتار کیا ہے۔ اس بار اس کی گرفتاری مغربی دہلی کے سائبر تھانے میں درج 21.78 لاکھ روپے کی ٹھگی کے معاملے میں ہوئی ہے۔ گریڈیہہ کے مفصل تھانہ علاقے کے گپئی گاو¿ں سے اتوار کو گرفتار کیے جانے کے بعد اسے دہلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اب دہلی پولیس اسے ٹرانزٹ ریمانڈ پر لے جانے کی تیاری کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں گریڈیہہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بمل کمار نے بتایا کہ مغربی دہلی کے ایک سینئر پولیس افسر نے سائبر تھانے میں درج مقدمہ نمبر 522/2026 کی معلومات دیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری میں تعاون طلب کیا تھا۔ اس کے بعد سونو ورما کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ سائبر انسپکٹر رامیشور بھگت کی قیادت میں پولیس ٹیم نے گپئی گاو¿ں میں واقع اس کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے بعد دیر رات مغربی دہلی سائبر تھانے کے افسر سنجیو کمار پولیس اہلکاروں کے ساتھ گریڈیہہ پہنچے۔ دہلی پولیس کی ٹیم نے سونو ورما سے پوچھ گچھ کی۔ دہلی پولیس کے مطابق، ابتدائی پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹھگی کی رقم کولکاتا پہنچائی گئی تھی۔ اب پولیس اس معاملے میں اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، سونو ورما گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے سائبر جرائم کی دنیا میں سرگرم ہے۔ اس پر کروڑوں روپے کی ٹھگی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ وہ اس سے پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔مغربی دہلی سائبر تھانے کے افسر سنجیو کمار نے بھی سونو ورما کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسے مقدمہ نمبر 522/2026 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد