بھارت کے معدنیاتی نیلامی نظام میں شفافیت میں اضافہ،پھر بھی ٹھپ ہیں کانیں
— ارون بھاسکر دیورَس 2015 سے پہلے بھارت میں بیشتر غیر کوئلہ معدنیات کے کان کنی کے لیز سرکاری فیصلوں اور افسران کی صوابدید کی بنیاد پر دیے جاتے تھے۔ اس نظام میں شفافیت کا فقدان تھا اور مختلف ریاستوں میں الگ الگ طریقے اختیار کیے جاتے تھے۔ اس صورت حا
بھارت کے معدنیاتی نیلامی نظام میں شفافیت میں اضافہ مگر کانیں اب بھی ٹھپ


— ارون بھاسکر دیورَس

2015 سے پہلے بھارت میں بیشتر غیر کوئلہ معدنیات کے کان کنی کے لیز سرکاری فیصلوں اور افسران کی صوابدید کی بنیاد پر دیے جاتے تھے۔ اس نظام میں شفافیت کا فقدان تھا اور مختلف ریاستوں میں الگ الگ طریقے اختیار کیے جاتے تھے۔ اس صورت حال کو بدلنے کے لیے مرکزی حکومت نے 2015 میں معدنیات (نیلامی) کے قواعد نافذ کیے، جن کے تحت کان کنی کے علاقوں کی الاٹمنٹ کھلی اور مسابقتی نیلامی کے ذریعے ہونے لگی۔

بظاہر یہ نظام کافی کامیاب رہا ہے۔ 2026 تک ملک میں 720 سے زیادہ بڑے معدنیاتی بلاکس کی نیلامی ہو چکی ہے۔ صرف مالی سال 2025-26 میں ریکارڈ 212 بلاکس الاٹ کیے گئے، جن میں 22 اہم اور اسٹریٹیجک نوعیت کے معدنیاتی بلاکس بھی شامل ہیں۔ اس کے نتیجے میں ریاستوں کی معدنی آمدنی بھی پہلے کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا بڑھ گئی ہے۔

لیکن ان کامیابیوں کے پس منظر میں ایک سنگین مسئلہ بھی موجود ہے۔ نیلام کیے گئے 720 سے زیادہ بلاکس میں سے صرف تقریباً 101 سے 105 کانوں میں ہی حقیقی طور پر پیداوار شروع ہو سکی ہے۔

یعنی ہر 100 نیلام شدہ بلاکس میں سے صرف 14 سے 15 ہی عملی طور پر کام شروع کر پائے ہیں۔ اس سے ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے: کیا بھارت کا معدنیاتی نیلامی نظام واقعی کامیاب ہے، یا پھر زمینی سطح پر موجود انتظامی اور قانونی رکاوٹیں اس کی راہ میں حائل ہیں؟

کانوں کے شروع نہ ہو پانے کی اہم رکاوٹیں

1۔ لیز کا رقبہ بہت محدود ہونا اور ضروری سہولتوں کے لیے جگہ کی کمی

کئی معدنیاتی بلاکس ایسے علاقوں میں نیلام کیے جاتے ہیں جن کا رقبہ جدید کان کنی کی سرگرمیوں کے لیے کافی نہیں ہوتا۔ لیز کی حدود صرف معدنی ذخائر تک محدود کر دی جاتی ہیں، جب کہ کان چلانے کے لیے اضافی زمین کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

مثال: ایمیلیا گولڈ اینڈ بیس میٹل پروجیکٹ، کٹنی (مدھیہ پردیش)

اس بلاک کی نیلامی محض 6.51 ہیکٹر رقبے پر کی گئی۔ یہاں سطح زمین پر معدنیات کے 16 آثار اور زیرِ زمین معدنیات کے 7 ذخائر موجود ہیں، لیکن کھلی کان (اوپن کاسٹ مائن) چلانے کے لیے نکالی جانے والی مٹی اور پتھر کو ذخیرہ کرنے کی خاطر ہی تقریباً نصف زمین درکار ہوتی ہے۔

ایسی صورت میں معدنیات کی پروسیسنگ کے پلانٹ، سونا اور چاندی نکالنے کی تنصیبات، کان کنی کے فضلے کو جمع کرنے کے مقامات اور مشینوں کی مرمت جیسی ضروری سہولتوں کے لیے مناسب جگہ باقی نہیں رہتی۔

مسئلہ اس وقت مزید سنگین ہو جاتا ہے جب لیز کی حدود سے باہر بھی معدنیات کے اچھے ذخائر کے آثار ملتے ہیں، لیکن قانونی پابندیوں کے باعث ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔

2۔ زمین کے ریکارڈ میں تضادات اور محکمہ جنگلات کے دعوے

نیلامی کے بعد سب سے بڑی مشکل زمین کے ریکارڈ میں پائے جانے والے تضادات کی صورت میں سامنے آتی ہے۔ نیلامی کے دستاویزات میں درج معلومات اور محکمہ مال، آب پاشی یا جنگلات کے ریکارڈ کئی مرتبہ ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے۔

سرمایہ کار یہ سمجھ کر بولی لگاتے ہیں کہ زمین کی قانونی حیثیت پوری طرح واضح ہے، لیکن بعد میں انہیں معلوم ہوتا ہے کہ اس زمین پر محکمہ جنگلات کا دعویٰ ہے یا اس سے متعلق کچھ اضافی قانونی ذمہ داریاں بھی موجود ہیں۔

مثلاً ہیورا مینگنیز بلاک

نیلامی کے دستاویزات میں اس بلاک کی 6.90 ہیکٹر زمین کو مکمل طور پر محکمہ مال کی زمین بتایا گیا تھا اور جنگلاتی زمین کا رقبہ صفر درج کیا گیا تھا۔

لیکن جب محکمہ جنگلات سے منظوری حاصل کرنے کا عمل شروع ہوا تو ریکارڈ میں 6.65 ہیکٹر زمین جنگلاتی علاقے کے طور پر سامنے آئی۔ اس کے علاوہ لیز حاصل کرنے والی کمپنی پر تقریباً 11.20 ہیکٹر رقبے میں متبادل شجرکاری (کمپنسیٹری افاریسٹیشن) کی اضافی ذمہ داری بھی عائد کر دی گئی، جس کا نیلامی کے دستاویزات میں کوئی ذکر نہیں تھا۔

کئی مقامات پر ایسی زمین، جس کے لیے گرام پنچایت یا ضلعی انتظامیہ پہلے ہی عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کر چکی ہوتی ہے، بعد میں محکمہ جنگلات پرانے ریکارڈ کی بنیاد پر اس پر اپنا حق جتانے لگتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کان کنی کے منصوبے برسوں تک تعطل کا شکار رہتے ہیں۔

3۔ ماحولیاتی ضوابط اور ارضیاتی حقائق کے درمیان ٹکراو¿

ماحول کا تحفظ بے حد ضروری ہے، لیکن کان کنی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ ماحولیاتی ضوابط اور زمینی حقائق ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے۔

جنگلات کی دوبارہ افزائش ممکن ہے اور جنگلی حیات کے لیے متبادل انتظامات بھی کیے جا سکتے ہیں، لیکن معدنی ذخائر کو کسی دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جا سکتا۔ وہیں موجود رہتے ہیں جہاں قدرت نے انہیں تشکیل دیا ہے۔

مثال: پینچ ٹائیگر ریزرو کا جنوبی علاقہ، مہاراشٹر

کچھ معدنیاتی بلاکس کے آس پاس جنگلی حیات کی نقل و حرکت کے راستوں (وائلڈ لائف کوریڈورز) کی حدود ایسے اعداد و شمار کی بنیاد پر طے کی گئی ہیں، جو محض چند شیروں کی نقل و حرکت کو ظاہر کرتے ہیں۔

صنعتی شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ ان حدود کے تعین کے باعث وسیع معدنیاتی علاقوں کو کان کنی کے دائرے سے باہر کر دیا جاتا ہے۔

نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ماحولیاتی منظوری حاصل کرنے کا عمل برسوں تک جاری رہتا ہے اور کانوں میں کام شروع ہی نہیں ہو پاتا۔

4۔ ضرورت سے زیادہ اونچی بولیاں اور مالی دباو¿

موجودہ نیلامی نظام میں کمپنیاں معدنیات کی فروخت کی قیمت کے ایک مقررہ تناسب کے طور پر بولی لگاتی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مسابقت کے باعث کئی مرتبہ بولی کی شرح اتنی زیادہ ہو جاتی ہے کہ پورا منصوبہ مالی اعتبار سے مناسب اور قابل عمل نہیں رہ جاتا ۔

مثلاً بھیلاپار مینگنیز اور ڈولومائٹ بلاک، پانڈھرنا (مدھیہ پردیش)

مئی 2025 میں اس بلاک کے لیے کامیاب بولی لگانے والی کمپنی نے حتمی قیمت کی پیشکش 45,295 فیصد کی شرح سے کی۔ یہ شرح اتنی زیادہ ہے کہ پیداوار شروع ہونے کے بعد بھی منصوبے کے اخراجات اور ادائیگیوں کے درمیان توازن برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح کی غیر حقیقت پسندانہ بولیاں مستقبل میں منصوبے سے دست برداری یا شدید مالی بحران کا سبب بن سکتی ہیں۔

حکومت کے 2026 کے اقدامات

ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے 2026 میں کچھ اہم ترامیم کی ہیں۔

1۔ ناقابلِ استعمال علاقوں کو لیز سے الگ کرنے کی اجازت

اگر کسی بلاک کا کوئی حصہ جنگلات، دریا، جنگلی حیات کی گزرگاہ یا آبادی کی وجہ سے کان کنی کے قابل نہ ہو تو اسے لیز کے دائرے سے الگ کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

2۔ آن لائن نظام اور رقم کی واپسی کے لیے مقررہ مدت

نئے آن لائن نظام کے تحت کارکردگی کی ضمانتی رقم جمع ہوتے ہی خودکار طریقے سے الاٹمنٹ کا خط (لیٹر آف انٹنٹ) جاری کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ بعض معاملات میں ضمانتی رقم واپس کرنے کے لیے بھی مدت مقرر کی گئی ہے۔

3۔ منظوریوں کے لیے اضافی وقت

جن منصوبوں کو جنگلاتی منظوری حاصل کرنے میں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے، انہیں اضافی مہلت دینے کا انتظام برقرار رکھا گیا ہے۔

آگے کیا کیا جانا چاہیے؟

1۔ نیلامی سے پہلے زمین کے تمام ریکارڈ کی جانچ

ریاستی حکومتوں کو چاہیے کہ نیلامی سے پہلے محکمہ مال، جنگلات، آب پاشی اور پنچایت کے ریکارڈ کا باہمی موازنہ کرکے ان میں موجود تضادات دور کریں۔ زمین کی قانونی حیثیت اور اس سے وابستہ ممکنہ ذمہ داریوں کی مکمل تفصیلات پہلے ہی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانی چاہئیں۔

2۔ لیز کی حدود عملی طور پر مقرر کرنا

معدنیاتی بلاک کی حدود طے کرتے وقت صرف معدنی ذخائر کو پیش نظر نہ رکھا جائے، بلکہ فضلہ ذخیرہ کرنے، معدنیات کی پروسیسنگ کے پلانٹ لگانے، دفاتر قائم کرنے اور دیگر بنیادی سہولتوں کے لیے بھی مناسب زمین شامل کی جائے۔

3۔ بولی کے نظام کو زیادہ حقیقت پسندانہ بنانا

ایسا نظام وضع کیا جانا چاہیے جس میں غیر معمولی اور غیر حقیقت پسندانہ حد تک اونچی بولیوں کی حوصلہ شکنی ہو اور منصوبوں کی مالی و اقتصادی افادیت برقرار رہ سکے۔

4۔ سائنسی بنیادوں پر جنگلی حیات کی گزرگاہوں کا تعین

جنگلی حیات کی نقل و حرکت کے راستوں کی حدود کا تعین طویل مدتی اور جامع سائنسی مطالعات کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے، تاکہ ماحولیات کے تحفظ اور کان کنی کی سرگرمیوں کے درمیان مناسب توازن قائم کیا جا سکے۔

نتیجہ

بھارت نے معدنیات کی الاٹمنٹ کے پرانے نظام سے نکل کر شفاف اور مسابقتی نیلامی کا طریقہ اختیار کرتے ہوئے ایک اہم اصلاح کی ہے۔ اس سے ریاستوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور معدنیاتی بلاکس کی الاٹمنٹ کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ شفاف اور منصفانہ بنا ہے۔

لیکن محض نیلامی کر دینا کافی نہیں ہے۔ اگر زمین کے تنازعات، جنگلاتی منظوریوں میں تاخیر، غیر عملی لیز کی حدود اور ضرورت سے زیادہ اونچی بولیوں جیسے مسائل برقرار رہتے ہیں تو نیلام کیے گئے بہت سے بلاکس صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ جائیں گے۔

بھارت کے لیے حقیقی کامیابی اسی وقت ممکن ہوگی جب نیلام کی گئی کانوں میں تیزی سے پیداوار شروع ہو، سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور ملک کی معدنی ضروریات پوری ہوں۔

آج سب سے بڑا چیلنج یہی ہے کہ نیلامی اور حقیقی پیداوار کے درمیان حائل خلیج کو کس طرح کم کیا جائے۔

( مضمون نگار کان کنی کے شعبے میں پانچ دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والے ممتاز ماہر اور سینئر انتظامی پیشہ ور ہیں۔)

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande