
- اب تک اس معاملے میں سات ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں
سلطان پور، 15 نومبر (ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع سلطان پور میں 13 روز قبل کانکنی مافیا نے نائب تحصیلدار اور دو لیکھ پالوں پر حملہ کر دیا تھا، جس میں نائب تحصیلدار کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ہفتے کی دیر رات انکاو¿نٹر کے دوران ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ وہ پولیس کی گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔ اس پر 25 ہزار روپے کا انعام مقرر تھا۔ اس معاملے میں یہ تیسرا انکاو¿نٹر ہے اور اب تک مجموعی طور پر سات ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
سی او سٹی راگھویندر سنگھ نے اتوار کو بتایا کہ کوتوالی نگر تھانے کی ٹیم اور بدمعاشوں کے درمیان گزشتہ رات انکاونٹر ہوا۔ اس دوران نگر کے پانچو پیرن کے رہنے والے کامران خان زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 315 بور کا دیسی طمنچہ، اسی بور کا ایک زندہ کارتوس اور ایک خول برآمد کیا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق کامران کے خلاف 2021، 2024 اور 2026 میں کوتوالی نگر تھانے میں مقدمات درج ہیں۔ ان میں مارپیٹ، دھمکی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 4 نومبر کو پہلا انکاونٹر کوتوالی نگر کے کھیچلا علاقے میں ہوا تھا، جہاں پولیس نے راہل سنگھ، نوشاد اور منوج سنگھ کو گرفتار کیا تھا۔ راہل سنگھ کی ٹانگ میں گولی لگی تھی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 32 بور کی ایک پستول، ایک زندہ کارتوس، ایک خالی کارتوس اور اسکارپیو گاڑی ضبط کی تھی۔ راہل سنگھ کے خلاف ضلع کے مختلف تھانوں میں 10 مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے غیر قانونی مٹی کی کانکنی میں استعمال ہونے والے چار ڈمپر بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
دوسرا انکاونٹر اکھنڈ نگر تھانہ علاقے میں ہوا تھا، جہاں دونوں بدمعاشوں کی ٹانگوں میں گولیاں لگی تھیں۔ پولیس نے ملزمان کی شناخت سندیپ سنگھ اور پرشانت سنگھ کے طور پر کی ہے۔ موقع سے 315 بور کا ایک دیسی طمنچہ، 12 بور کا ایک دیسی طمنچہ، دونوں بور کے ایک ایک زندہ کارتوس اور ایک ایک خالی کارتوس ضبط کیے گئے تھے۔ پولیس کو واقعے میں استعمال ہونے والی بغیر نمبر پلیٹ کی سیاہ تھار گاڑی بھی ملی تھی۔ پولیس کے مطابق، سندیپ سنگھ کے خلاف پہلے سے چھ مقدمات درج ہیں۔
وہیں، 8 نومبر کو کوتوالی نگر پولیس نے اوینیش سنگھ عرف رانا ولد ارجن سنگھ، ساکن خانپور، کوچھیرا بازار، ملکی پور، تھانہ انایت نگر، ایودھیا کو ٹڈئی موڑ سے ٹاٹیا نگر جانے والی سڑک سے گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ 2 نومبر کی رات کوتوالی نگر تھانہ کے تحت چوکی گوڑوا رام نگر املیا کے علاقے املیا کلا میں غیر قانونی مٹی کی کانکنی کی اطلاع پر کارروائی کرنے پہنچی محکمہ مال کی ٹیم پر غیر قانونی کانکنی میں ملوث افراد نے حملہ کر دیا تھا۔ اس واقعے میں نائب تحصیلدار کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی، جبکہ دو لیکھ پال بھی زخمی ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں کوتوالی نگر تھانے میں سنگین دفعات کے تحت دو مقدمات درج کیے گئے تھے۔ اسی معاملے میں پولیس نے یہ کارروائی کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی