چوری کے موبائل خرید کر دہلی میں فروخت کرنے والے بین ضلع گروہ کے 7 ارکان گرفتار، 939 موبائل فون برآمد
جونپور، 14 نومبر(ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع جونپور میں بکشا تھانہ پولیس نے ہفتے کے روز چوری کے موبائل فون خرید کر ان کے پرزے الگ کر کے انہیں اسیمبل کرنے کے بعد دہلی میں فروخت کرنے والے بین ضلع گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے گروہ کے 7 ملزمان کو گ
چوری کے موبائل فون فروخت کرنے والے گرفتار ملزمان پولیس کی تحویل میں


جونپور، 14 نومبر(ہ س)۔

اترپردیش کے ضلع جونپور میں بکشا تھانہ پولیس نے ہفتے کے روز چوری کے موبائل فون خرید کر ان کے پرزے الگ کر کے انہیں اسیمبل کرنے کے بعد دہلی میں فروخت کرنے والے بین ضلع گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے گروہ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 939 موبائل فون، 272 سم کارڈ، موبائل فون کے پرزوں کا 40 بوریاں اسکریپ، 24 ہزار روپے نقد اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔ برآمد شدہ موبائل فون میں 134 اینڈرائڈ اور 805 کی پیڈ والے فون شامل ہیں۔

ہفتے کے روز معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہی) آتیش کمار سنگھ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سوربھ گپتا اور کامیش گپتا، ساکن عمرپور شیو گلام گنج، بکشا (جونپور)، سنجے سنگھ ساکن کانپور دیہات، اجے نائک ساکن اوریا، اکھلیش نائک ساکن قنوج، سنجے سنگھ ساکن کانپور دیہات اور حشیم خان عرف وسیم ساکن میرٹھ کے طور پر ہوئی ہے۔

پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ چوری اور دیگر ذرائع سے حاصل کیے گئے موبائل فون کم قیمت پر خریدتے تھے۔ بڑی تعداد میں موبائل فون جمع ہوجانے پر انہیں سوربھ اور کامیش کے کرائے کے مکان میں رکھا جاتا تھا۔ اس کے بعد پرانے اور خراب موبائل فون کے مدر بورڈ، ڈسپلے، کیمرے سمیت قابل استعمال پرزے الگ کرکے ان کی مدد سے موبائل فون دوبارہ تیار کیے جاتے تھے۔ تیار شدہ موبائل فون حشیم خان عرف وسیم کے ذریعے دہلی میں مختلف لوگوں کو فروخت کیے جاتے تھے۔ ملزمان کے پاس ان موبائل فون کی خریداری سے متعلق کوئی قانونی دستاویز یا رسید نہیں ملی۔

پولیس کو شبہ ہے کہ برآمد شدہ موبائل فون، سم کارڈ اور ان کے پرزوں کا استعمال سائبر جرائم اور آن لائن دھوکہ دہی میں کیا جا سکتا تھا۔ سم کارڈ، آئی ایم ای آئی اور ڈیجیٹل ڈیٹا کی تکنیکی جانچ کرائی جا رہی ہے، تاکہ سائبر جرائم سے وابستہ ممکنہ کڑیوں کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس معاملے میں بکشا تھانے میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزمان کے مجرمانہ ریکارڈ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande