
۔غیر ملکی نمبر سے آیا فون، جمال پور پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا
لدھیانہ، 14 نومبر (ہ س)۔ لدھیانہ میں پراپرٹی ڈیلروں کو تاوان کے لیے دھمکیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب ایک پراپرٹی ڈیلر سے گینگسٹر ڈونی بل کے نام پر ایک کروڑ روپے کا تاوان طلب کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ فون کرنے والے شخص نے رقم نہ دینے پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر جمال پور تھانے کی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق، شکایت کنندہ ہیم راج عرف راجی نے بتایا کہ حال ہی میں انہیں ایک غیر ملکی نمبر سے فون آیا تھا۔ فون کرنے والے شخص نے خود کو گینگسٹر ڈونی بل بتاتے ہوئے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ ملزم نے دھمکی دی کہ اگر رقم ادا نہیں کی گئی تو انہیں سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
دھمکی ملنے کے بعد متاثرہ شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس اب اس غیر ملکی نمبر سے متعلق معلومات جمع کر رہی ہے، جس سے فون کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق، گینگسٹر ڈونی بل کا اصل نام بلویندر سنگھ ہے۔ وہ امرتسر کے گاؤں پٹی بلیل کا رہنے والا ہے۔ اس کا تعلق گوپی گھنیام پوریا گینگ کے منّ گھنیام پوریا-ڈونی بل گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ اس کا نام دیویندر بمبیہا گینگ سے بھی جڑ چکا ہے۔
ڈونی بل پر بیرون ملک رہ کر اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پنجاب میں جبری وصولی کا گروہ چلانے کے الزامات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، اس کے خلاف قتل، اقدامِ قتل،جبری وصولی، اسلحہ کی اسمگلنگ، لوٹ اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم کے سلسلے میں 32 سے زیادہ ایف آئی آر درج ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی لدھیانہ میں ایک پراپرٹی ڈیلر سے تاوان طلب کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ جمعرات کو پولیس نے ایک دوسرے پراپرٹی ڈیلر کی شکایت پر مقدمہ درج کیا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ اسے غیر ملکی نمبر سے فون کرکے تین کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا گیا تھا۔ فی الحال پولیس دونوں معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد