

بھوپال/کٹنی، 12 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے کٹنی ضلع کے برگواں علاقے میں ایل آئی سی دفتر کے قریب واقع کسنا جیولرس کے شوروم میں چوروں نے بڑی واردات کو انجام دیا۔ چور شوروم کے پچھلے حصے کی دیوار میں نقب لگا کر سونے اور ہیرے کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ چوری کردہ زیورات کی قیمت تقریباً 12 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، جمعرات کی صبح تقریباً 11 بجے شوروم کے مالک موہن بجاج جب دکان کھولنے پہنچے تو انہیں چوری کا پتہ چلا۔ اندر سامان بکھرا پڑا تھا اور ڈسپلے کاؤنٹر اور تجوریاں خالی تھیں۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس افسران موقع پر پہنچے اور جانچ شروع کر دی۔
شوروم کے مالک نے بتایا کہ دیوالی کے تہوار کے پیش نظر دکان میں معمول کے دنوں کے مقابلے زیادہ زیورات کا ذخیرہ رکھا گیا تھا۔ چور اس اضافی ذخیرے سمیت تقریباً 12 کروڑ روپے کے سونے اور ہیرے کے زیورات لے گئے ہیں۔ چوری کی بڑی رقم کو دیکھتے ہوئے پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جانچ تیز کر دی ہے۔
ایس پی ابھینو وشوکرما نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ابتدائی جانچ کی بنیاد پر انہوں نے بتایا کہ چوری 12 نومبر کی صبح تقریباً 4 سے 7 بجے کے درمیان ہونے کا شبہ ہے۔ چوروں نے شوروم کے پچھلے حصے کی دیوار میں نقب لگائی اور اندر پہنچ کر تجوری اور ڈسپلے کاؤنٹروں میں رکھے زیورات پر ہاتھ صاف کر دیا۔ پولیس نے شوروم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اپنے قبضے میں لے لی ہے۔ اس کے علاوہ آس پاس کے راستوں اور اہم مقامات پر نصب کیمروں کی ریکارڈنگ بھی دیکھی جا رہی ہے۔ پولیس ان فوٹیج کے ذریعے چوروں کے شوروم تک پہنچنے اور واردات کے بعد فرار ہونے کے راستے کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
جائے وقوعہ پر پہنچی فارینسک ٹیم اور فنگر پرنٹ ماہرین نے بھی شواہد جمع کیے ہیں۔ ملزمان تک پہنچنے کے لیے پولیس نے کئی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ فی الحال پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج، فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد کی بنیاد پر چوروں کی تلاش میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن