
سکتی، 11 نومبر (ہ س)۔ چھتیس گڑھ کے سکتی ضلع میں سرکاری ٹینڈر دلانے کے نام پر 15 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں رائے پور کے ہوٹل تاجر دیپک ٹنڈن کے خلاف سٹی کوتوالی سکتی میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ سکتی کے رہائشی کشن شرما نے ملزم پر سرکاری ٹینڈر دلانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے اور بعد میں ضمانت کے نام پر فرضی چیک دینے کا الزام لگایا ہے۔
شکایت کے مطابق، دیپک ٹنڈن نے کشن شرما کو بتایا تھا کہ اعلیٰ افسران کے درمیان اس کی اچھی پہچان اور رسائی ہے۔ اسی اثر و رسوخ کا حوالہ دیتے ہوئے اس نے سرکاری ٹینڈر دلانے کا بھروسہ دیا۔ اس کی باتوں میں آکر شکایت کنندہ نے چیک کے ذریعے مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی۔
الزام ہے کہ رقم لینے کے بعد دیپک ٹنڈن نے ضمانت کے طور پر چار لاکھ روپے کا ایک چیک دیا، جسے شکایت کنندہ نے فرضی قرار دیا ہے۔ اس کے بعد کشن شرما نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
بتایا جا رہا ہے کہ دیپک ٹنڈن کے خلاف اس سے پہلے رائے پور اور بلاس پور میں بھی دھوکہ دہی اور بلیک میلنگ سے متعلق معاملات درج ہیں۔ اب سکتی میں 15 لاکھ روپے کی مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ملزم کی قانونی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
سٹی کوتوالی سکتی پولیس نے شکایت کی بنیاد پر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 318(4) کے تحت مقدمہ درج کرکے جانچ شروع کر دی ہے۔ پولیس چیک کے ذریعے ہونے والے لین دین، چار لاکھ روپے کے چیک کی حقیقت اور شکایت میں لگائے گئے دیگر الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پنکج پٹیل نے بدھ کے روز معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر درج کرکے جانچ جاری ہے۔ جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی پورے معاملے کی اصل صورت حال واضح ہو سکے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی