
غازی آباد، 10 نومبر(ہ س)۔ اترپردیش کے ضلع غازی آباد کے لونی بارڈر تھانہ علاقے کی نائی پورہ کالونی میں پیر کی رات فیس بک دوست سے ملنے آئی 28 سالہ خاتون کے سر پر اینٹ سے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ خاتون اپنی بہن کے ساتھ دوست کے کمرے پر پہنچی تھی۔ واردات کے بعد ملزم بیگ لے کر فرار ہونے لگا، اسی دوران اس کی بہن کو شک ہوا۔ کمرے میں خاتون کی خون میں لت پت لاش دیکھ کر وہ چیخ پڑی۔ شور سن کر پہنچے مقامی لوگوں نے فرار ہونے والے ملزم اور اس کے دوست کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس انکور وہار امردیپ موریہ نے بتایا کہ مہلوکہ کی شناخت پنکی زوجہ پرمود، ساکن گاؤں ملک پور، تھانہ انوپ شہر، ضلع بلند شہر کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزم پنٹو (33) بھی بلند شہر کے گاؤں شیخ پور گڑھوا، تھانہ خان پور کا رہنے والا ہے۔ ان کے مطابق پنکی اور پنٹو کی دوستی تقریباً چار پانچ ماہ پہلے فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی۔ اس کے بعد دونوں فون پر بات چیت کرنے لگے تھے۔ 9 نومبر کو پنکی پنٹو سے ملنے نائی پورہ کالونی میں واقع اس کے کمرے پر پہنچی تھی۔
ان کے مطابق کمرے میں کسی بات کو لے کر پنکی اور پنٹو کے درمیان بحث ہوگئی۔ الزام ہے کہ اسی دوران پنٹو نے قریب پڑی اینٹ سے پنکی کے سر پر وار کردیا۔ شدید چوٹ لگنے سے اس کی موت ہوگئی۔ اسی مکان میں کرائے پر رہنے والے پرتیک نے بتایا کہ پنٹو اپنے دوست آرین گپتا عرف بنٹی (22) کے ساتھ 5 دن پہلے ہی وہاں کمرہ کرائے پر لے کر رہنے آیا تھا۔ پنکی رات تقریباً 8 بجے ان سے ملنے پہنچی تھی۔
پرتیک کے مطابق واردات کے بعد پنٹو بیگ لے کر کمرے سے باہر بھاگنے لگا۔ باہر موجود پنکی کی بہن کو اس کی حرکتوں پر شک ہوا۔ وہ کمرے میں پہنچی تو پنکی خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی۔ اس کے بعد اس نے شور مچایا۔ مقامی لوگوں نے پنٹو اور اس کے دوست آرین کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
اے سی پی انکور وہار نے بتایا کہ 9 نومبر کی رات تقریباً 9.43 بجے اندراپوری چوکی پر خاتون کے قتل کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس اور اعلیٰ افسران نے موقع پر پہنچ کر جانچ کی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ملزم پنٹو اور اس کے دوست آریان گپتا عرف بنٹی سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن