بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو ہاتھیوں کا نیا مسکن بن گیا، ایک صدی بعد ہاتھیوں کی واپسی، تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا
بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو ہاتھیوں کا نیا مسکن بن گیا، ایک صدی بعد ہاتھیوں کی واپسی، تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا شہڈول، 10 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کا بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو اب صرف شیروں ہی نہیں بلکہ جنگلی ہاتھیوں کے لیے بھی ایک نئی شناخت بنا
جنگل میں ہاتھیوں کا جھنڈ


جنگل میں ہاتھیوں کا جھنڈ


بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو ہاتھیوں کا نیا مسکن بن گیا، ایک صدی بعد ہاتھیوں کی واپسی، تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا

شہڈول، 10 نومبر(ہ س)۔ مدھیہ پردیش کا بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو اب صرف شیروں ہی نہیں بلکہ جنگلی ہاتھیوں کے لیے بھی ایک نئی شناخت بنا رہا ہے۔ تقریباً ایک صدی تک اس علاقے سے دور رہنے والے ایشیائی ہاتھیوں نے 2018 میں یہاں دوبارہ دستک دی۔ چھتیس گڑھ سے آنے والے 30 سے 35 ہاتھیوں کے جھنڈ نے بانڈھو گڑھ کے جنگلات کو اپنا مسکن بنا لیا۔ آج بانڈھو گڑھ اور اس کے آس پاس کے جنگلاتی علاقوں میں تقریباً 50 سے 70 جنگلی ہاتھیوں کی موجودگی درج کی جا رہی ہے۔ ہاتھیوں کی واپسی کو مدھیہ پردیش کے جنگلی حیات کے منظرنامے میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

ہندوستان کی تاریخ اور ثقافت میں ہاتھیوں کو خاص مقام حاصل رہا ہے۔ قدیم جنگوں سے لے کر مندروں کی تعمیر اور شاہی درباروں تک ہاتھیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہیں طاقت، خوش حالی اور شان و شوکت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان میں ہاتھی کو قومی ورثے کے جانور کا درجہ حاصل ہے۔ اب بانڈھو گڑھ کے جنگلات میں ان کی واپسی اس قدرتی ورثے کے دوبارہ زندہ ہونے کا اشارہ دے رہی ہے۔

2018 میں گج راجوں کی تاریخی واپسی

مدھیہ پردیش کے امریا اور شہڈول اضلاع میں پھیلا بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو ملک میں شیروں کی سب سے زیادہ کثافت والے علاقوں میں شامل ہے۔ سال 2018 میں چھتیس گڑھ کی جانب سے شہڈول کے جنگلاتی علاقے سے ہوتے ہوئے 30 سے 35 ہاتھیوں کا ایک جھنڈ یہاں پہنچا تھا۔ ہاتھیوں نے پَنپتھا بفر زون سے داخل ہوکر پتور اور کھتولی رینج سے ہوتے ہوئے بِرُوہلی تک آمد و رفت شروع کی۔ اس علاقے میں پانی، گھاس کے میدان اور وافر نباتات کی دستیابی کے باعث انہوں نے اسے اپنا مسکن بنا لیا۔

فی الحال بانڈھو گڑھ کے علاوہ سنجے-دوبری ٹائیگر ریزرو اور شہڈول کے بان ساگر بیک واٹر علاقے میں بھی ہاتھیوں کی آمد و رفت جاری ہے۔ خاص طور پر کھتولی سیاحتی علاقے میں ہاتھیوں کے جھنڈ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔ تاہم بعض نر ہاتھیوں کا سیاحتی گاڑیوں کی جانب دوڑنا خطرے کا سبب بھی بنتا ہے۔ اسی وجہ سے محکمہ جنگلات سیاحوں کو محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کا مشورہ دیتا ہے۔

وسطی ہندوستان میں کبھی بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے ہاتھی

تاریخی دستاویزات کے مطابق ایک زمانے میں اڈیشہ سے بستر، بندیل کھنڈ، بگھیل کھنڈ اور مدھیہ پردیش ہوتے ہوئے گجرات تک پھیلے جنگلاتی علاقوں میں ہاتھیوں کی بڑی آبادی موجود تھی۔ مغل دور کے مؤرخ ابوالفضل نے بھی مالوہ اور الہ آباد سمیت کئی صوبوں میں ہاتھیوں کی موجودگی کا ذکر کیا ہے۔ اس زمانے میں ہاتھیوں کا استعمال جنگوں، نقل و حمل اور شاہی تقریبات میں کیا جاتا تھا۔

وقت گزرنے کے ساتھ جنگلات کی کٹائی، زرعی زمینوں میں اضافے، شکار اور ہاتھیوں کو پکڑنے کی سرگرمیوں کے باعث ان کی تعداد گھٹتی چلی گئی۔ جنگلاتی ماہرین کے مطابق 1920 کے بعد مدھیہ پردیش میں ہاتھیوں کی مستقل جنگلی آبادی باقی نہیں رہی تھی۔ تقریباً 2002 کے آس پاس چھتیس گڑھ سے ہاتھیوں کے جھنڈ سیدھی اور سنجے گاندھی ٹائیگر ریزرو کے آس پاس آنے لگے تھے۔ رفتہ رفتہ ان کی آمد و رفت کا دائرہ بڑھتا گیا اور 2018 میں وہ بانڈھو گڑھ تک پہنچ گئے۔

2024 میں 10 ہاتھیوں کی موت سے تشویش میں اضافہ

ہاتھیوں کی واپسی کے ساتھ ہی انسانوں اور ہاتھیوں کے درمیان تصادم کا چیلنج بھی سامنے آیا ہے۔ فصلوں کو نقصان، مکانات کی تباہی اور دیہی آبادی کی سلامتی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔ اسی دوران 29 اکتوبر 2024 کو بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو کی کھتولی اور پتور رینج کی سرحد پر 13 ہاتھیوں کے جھنڈ میں سے 4 ہاتھی مردہ پائے گئے۔ اگلے 2 دنوں میں مزید 6 ہاتھیوں کی موت ہوگئی۔

جانچ اور پوسٹ مارٹم میں ہاتھیوں کے پیٹ سے بڑی مقدار میں بغیر ہضم شدہ کودو اناج پایا گیا۔ جبل پور اور انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے انڈین ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی وی آر آئی)، بریلی کی فارنسک جانچ میں سائیکلوپیا زونک ایسڈ نامی مائیکوٹاکسن کی شناخت ہوئی۔ یہ زہریلا مادہ نمی کے باعث کودو کی فصل کو متاثر کرنے والی پھپھوندی سے پیدا ہوتا ہے۔ جانچ میں کیڑے مار ادویات کی موجودگی نہیں پائی گئی۔ اس کے بعد متاثرہ علاقے میں کھڑی کودو کی فصل کو تباہ کرا دیا گیا۔ ریاستی حکومت نے ہاتھیوں کے تحفظ اور انتظام کے لیے ریاستی سطح پر ہاتھی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا اعلان کیا۔

جی پی ایس اور ریڈیو کالر سے ہاتھیوں کی نگرانی

ہاتھیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات نے نگرانی کے نظام کو جدید بنایا ہے۔ نومبر 2024 میں تصادم کے خدشے والے ایک نر ہاتھی کو جی پی ایس اور وی ایچ ایف ریڈیو کالر لگایا گیا۔ اس کام میں انڈین وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف-انڈیا نے تکنیکی تعاون فراہم کیا۔ اس کے بعد دیگر نر ہاتھیوں کو بھی ریڈیو کالر لگائے گئے۔

اس سال مئی میں کھتولی رینج میں چھوڑے گئے کالر-4 ہاتھی کی سرگرمیوں پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ پانی میں اترنے اور طویل فاصلے تک گھومنے کی عادت کے باعث اس کا موازنہ دنیا کے مشہور تیراک مائیکل فیلپس سے کیا جاتا ہے۔ وہیں کانہا ٹائیگر ریزرو میں علاج اور دیکھ بھال کے بعد ایک جارحانہ نر ہاتھی کو ریڈیو کالر لگا کر بانڈھو گڑھ میں چھوڑا گیا ہے۔ اب جھنڈ کی سربراہ مادہ ہاتھی کو بھی کالر لگانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس سے پورے جھنڈ کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔

گج رکشک ایپ سے 2500 دیہی باشندے منسلک

ہاتھیوں کی سرگرمیوں کی اطلاع بروقت دیہی باشندوں تک پہنچانے کے لیے محکمہ جنگلات نے گج رکشک موبائل ایپ شروع کی ہے۔ بانڈھو گڑھ کے جنگلاتی علاقے کے 125 سے زیادہ گاؤں کے 2500 سے زائد گاؤں والوں کو اس ایپ سے جوڑا جا چکا ہے۔ اس کے ذریعے ہاتھیوں کے مقام کی معلومات شیئر کرکے ممکنہ خطرے سے گاوں کے لوگوں کو خبردار کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ بانڈھو گڑھ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں مشرقی مدھیہ پردیش کے ہاتھیوں سے متاثرہ 7 اضلاع سے معلومات جمع کی جاتی ہیں۔ یہ معلومات روزانہ بھوپال میں واقع ریاستی ہیڈکوارٹر بھیجی جاتی ہیں۔ ریڈیو بلیٹن اور ضلع سطح پر واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے بھی انتباہ جاری کیے جاتے ہیں۔

ہاتھی دوست دستے اہم کردار ادا کر رہے ہیں

انسانوں اور ہاتھیوں کے درمیان تصادم کم کرنے کے لیے بانڈھو گڑھ انتظامیہ نے متاثرہ گاؤں میں ہاتھی دوست دستے تشکیل دیے ہیں۔ ان میں مقامی باشندوں اور تربیت یافتہ جنگلاتی اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ہاتھیوں کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر یہ دستے گاؤں پہنچ کر لوگوں کو خبردار کرتے ہیں۔ گاؤں والوں کو ہاتھیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے، جنگل میں بلا ضرورت داخل نہ ہونے اور اچانک ہاتھیوں سے سامنا ہونے کی صورت میں محفوظ طرز عمل اختیار کرنے کے بارے میں معلومات دی جاتی ہیں۔

قدرتی راہداریوں کو محفوظ رکھنا بڑا چیلنج

بانڈھو گڑھ میں ہاتھیوں کی واپسی کے ساتھ ہی ان کے قدرتی مسکن اور آمد و رفت کی راہداریوں کو محفوظ رکھنا بھی ضروری ہوگیا ہے۔ چھتیس گڑھ، اڈیشہ، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش کے جنگلاتی علاقوں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی فصلوں اور املاک کے نقصان پر بروقت معاوضہ، مؤثر پیشگی انتباہی نظام اور دیہی باشندوں کا اعتماد برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔

ریڈیو کالر سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہاتھیوں کے نقل مکانی کے راستوں، جنگلاتی راہداریوں اور انسانی آبادیوں کے آس پاس ان کی سرگرمیوں کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے مستقبل میں محفوظ مسکن اور ہاتھیوں کی آمد و رفت کے راستوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی۔

بانڈھو گڑھ ٹائیگر ریزرو کی شناخت اب شیروں کے ساتھ ساتھ گج راجوں کے لیے بھی بننے لگی ہے۔ تقریباً ایک صدی بعد ہاتھیوں کی واپسی اس بات کی مثال ہے کہ قدرتی ماحول کے سازگار حالات میں کسی علاقے کا پرانا قدرتی منظرنامہ دوبارہ آباد ہوسکتا ہے۔ تاہم اس ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ جنگلات، حکومت اور مقامی برادری کے درمیان بہتر تال میل ضروری ہوگا، تاکہ شیروں اور ہاتھیوں کے ساتھ گاؤں والوں کی زندگی بھی محفوظ رہ سکے۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستھان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande