
کانپور، یکم نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع کانپور میں منشیات کی غیر قانونی فروخت پر روک لگانے کے لیے اتوار کے روز پولیس نے قدوائی نگر کے علاقے میں گہری تلاشی مہم چلائی۔ تقریباً 135 پولیس اہلکاروں پر مشتمل پانچ ٹیموں نے کئی مقامات پر ڈرون کے ذریعے چھان بین کی۔ اس کارروائی میں خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تقریباً 11 کلو گانجہ برآمد کیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوبی) دیپیندر ناتھ چودھری کی قیادت اور اے سی پی گھاٹم پور کی نگرانی میں مہم کا آغاز ہوا۔ اس میں چار تھانوں کی پولیس کو شامل کرتے ہوئے پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ تمام ٹیموں نے الگ الگ مقامات پر بیک وقت تلاشی لی۔ پورے علاقے پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کیمرے کا بھی استعمال کیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ساگر، ارمان اور ایک خاتون کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، کچھ لوگوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن گھیرا بندی کر کے انہیں پکڑ لیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے تقریباً 11 کلوگرام گانجہ برآمد ہوا۔
دراصل، قدوائی نگر کے علاقے میں منشیات کی غیر قانونی فروخت اور بیرونی افراد کے یہاں سے گانجہ خرید کر لے جانے کی شکایتیں موصول ہو رہی تھیں۔ ان اطلاعات کی بنیاد پر پولیس نے مشترکہ مہم کی تیاری کی تھی۔ اس میں قدوائی نگر، بابو پوروا، جوہی اور گووند نگر تھانوں کی پولیس شامل رہی۔
پولیس کی دیگر ٹیمیں بھی علاقے میں تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ اس کاروبار میں شامل دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پولیس افسران کے مطابق، منشیات کی غیر قانونی فروخت پر قابو پانے کے لیے آئندہ بھی ایسی مہمات چلائی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن