
ممبئی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ رنبیر کپور کی اداکاری اور نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رامائن‘ ریلیز سے پہلے ہی خبروں میں آ گئی ہے۔ انجلی اروڑہ کی فلم ’مہاکاوی شری رامائن کتھا‘ کے پروڈیوسر پرکاش مہوبیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی فلم کے خلاف مسلسل منفی تشہیر کی گئی، جس کے باعث اسے سینما گھروں میں ناظرین تک پہنچنے کا مناسب موقع نہیں مل سکا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ جن ناظرین نے فلم دیکھی، انہوں نے اسے سراہا ہے۔ پروڈیوسر نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی فلم کو دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ایک گفتگو کے دوران مہوبیا نے دعویٰ کیا کہ ان کی فلم کے خلاف یوٹیوبرز، انفلوئنسرز اور دیگر افراد کے ذریعے منفی تشہیر کروائی گئی۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر فلم کے بارے میں غلط معلومات شیئر کی گئیں اور لوگوں سے اسے نہ دیکھنے کی اپیل تک کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فلم کو ناظرین تک پہنچنے کا موقع ہی نہیں ملا اور فلم دیکھے بغیر اس کے بارے میں رائے قائم کرنا مناسب نہیں ہے۔ تاہم، انہوں نے اس مبینہ مہم کے پیچھے کسی خاص شخص یا ٹیم کا براہِ راست نام نہیں لیا۔
جب پرکاش مہوبیا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نتیش تیواری اور نمیت ملہوترا کی ’رامائن‘ کی ٹیم پر اس مبینہ مہم کے پیچھے ہونے کا الزام عائد کر رہے ہیں، تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں قطعی معلومات نہیں ہیں، لیکن انہیں ایسا بتایا گیا ہے۔
ابھشیک سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی ’مہاکاوی شری رامائن کتھا‘ میں انجلی اروڑہ، دیو شرما اور رجنیش دگل نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ یہ فلم 25 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ پروڈیوسر کے مطابق وہ اسے ایک بار پھر بڑے پردے پر ناظرین کے سامنے لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی