
نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے منگل کو کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری بحران کے باعث ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی بڑھتی قیمتوں کے معاملے پر وزارت ایئرلائنز اور تیل کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔
نئی دہلی میں انڈین فاؤنڈیشن فار کوالٹی مینجمنٹ (آئی کیو ایف ایم) کانفرنس کے موقع پر نائیڈو نے کہا کہ اے ٹی ایف کی قیمتوں پر مغربی ایشیا کے بحران کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اہم بات یہ ہے کہ مغربی ایشیا کا بحران اے ٹی ایف کی قیمتوں پر کتنا بوجھ ڈال رہا ہے۔ ہم ایئرلائنز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔‘‘
نائیڈو نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ منصوبے کے ذریعے بھارت کو دو سال کے اندر اپنا پہلا مقامی شہری طیارہ مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں جیٹ انجن تیار کرنے کے امکانات پر بھی غور کرے گی، تاہم یہ ایک طویل مدتی عمل ہوگا۔اس سے قبل ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو نے اے ٹی ایف کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے فیول سرچارج بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ انڈیگو کے مطابق حالیہ مہینوں میں اے ٹی ایف کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے، خاص طور پر مغربی ایشیا کی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے بعد۔
ایئرلائن کے مطابق اے ٹی ایف کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور حالیہ عرصے میں ماہانہ بنیاد پر یہ اضافہ 14 فیصد سے بھی زیادہ رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں اے ٹی ایف کی لاگت گزشتہ ایک دہائی کی بلند ترین سطحوں میں پہنچ گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اے ٹی ایف کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ایئرلائنز کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اے ٹی ایف کسی بھی ایئرلائن کی مجموعی آپریشنل لاگت کا تقریباً 40 فیصد حصہ بنتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan