
حیدرآباد ،06 اکتوبر(ہ س)۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیوانٹیلی جنس(ڈی آر آئی) کے حیدرآباد زونل یونٹ نے چنئی بندرگاہ پر تقریباً 12 کروڑ روپے مالیت کی چینی ساختہ پٹاخے ضبط کئے ہیں۔ ایجنسی کے مطابق اسے مختلف اسٹیشنری اور دیگر اشیا کے نام پر غلط تفصیلات درج کرکے غیر قانونی طورپردرآمد کیا گیا تھا۔
ایجنسی نے منگل کویہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آرآئی افسران نے بندرگاہ پرمشتبہ کنٹینروں کی مربوط جانچ کی۔اس دوران ظاہرکردہ سامان کے کارٹنوں کے پیچھے بڑی مقدارمیں چھپائی گئی چینی ساختہ آتش بازی برآمد ہوئی۔
ڈی آرآئی کے مطابق،ان کھیپوں میں اسٹیشنری اشیا،طبی دستانے، پلاسٹک کلپس، ہیئربینڈز،اسٹوریج الماریاں، جوتوں کے ریک اور دیگراشیا ظاہر کی گئی تھیں، جبکہ اصل میں ان میں آتش بازی کا سامان موجود تھا۔
غیرملکی تجارتی پالیسی کے تحت پٹاخوں اورآتش بازی کی درآمد پرپابندیاں عائد ہیں اوراس کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (ڈی جی ایف ٹی) اور ایکسپلوزِوز رولز،2008 کے تحت پیٹرولیم اینڈایکسپلوزِوزسیفٹی آرگنائزیشن (پی ای ایس او) سے ضروری اجازت نامے حاصل کرنا لازمی ہے۔
چونکہ یہ کھیپیں ضروری لائسنس کے بغیر درآمد کی گئی تھیں اور ان میں غلط تفصیلات ظاہرکرنے اور سامان چھپانے کا معاملہ سامنے آیا، اس لیے آتش بازی کو کسٹمزایکٹ، 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔
ڈی آر آئی نے کہا کہ یہ ضبطی خفیہ معلومات کی بنیاد پر مربوط کارروائیوں کے ذریعے ممنوعہ اور محدود اشیا کی اسمگلنگ کے خلاف اس کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ایجنسی نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد منظم اسمگلنگ نیٹ ورکس کو توڑنا اور عوامی تحفظ اورقومی اقتصادی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق