بجلی صارفین کو بڑا جھٹکا، نومبر سے بلوں میں فی یونٹ اضافی چارج
حیدرآباد ،06 اکتوبر(ہ س)۔ تلنگانہ میں بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں میں نومبرسے اضافہ ہونے جارہا ہے۔ تلنگانہ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن(ای آرسی) نے ریاست کی دو بجلی تقسیم کارکمپنیوں(ڈسکام) کو 5,420.23 کروڑ روپے کی رقم صارفین سے ٹرو اَپ کے تحت وصول ک
بجلی صارفین کو بڑا جھٹکا، نومبر سے بلوں میں فی یونٹ اضافی چارج


حیدرآباد ،06 اکتوبر(ہ س)۔

تلنگانہ میں بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں میں نومبرسے اضافہ ہونے جارہا ہے۔ تلنگانہ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن(ای آرسی) نے ریاست کی دو بجلی تقسیم کارکمپنیوں(ڈسکام) کو 5,420.23 کروڑ روپے کی رقم صارفین سے ٹرو اَپ کے تحت وصول کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ای آر سی کے احکامات کے مطابق نومبرکے مہینے میں بجلی صارفین سے 30 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے، جبکہ اس کے بعد اضافی چارج بڑھ کر50 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔ یہ اضافی رقم ریاست کی دو ڈسکام کمپنیوں، تلنگانہ سدرن پاورڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل) اور تلنگانہ نارتھرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (ٹی جی این پی ڈی سی ایل) کے ذریعے وصول کی جائے گی۔ احکامات کے مطابق ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کو منظورشدہ رقم کی وصولی کے لیے 29 ماہ کی مدت دی گئی ہے، جبکہ ٹی جی این پی ڈی سی ایل کویہ رقم 26 ماہ کے دوران صارفین سے وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

دونوں ڈسکام کمپنیوں نے ٹرو اَپ کے تحت اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت کے لیے ای آر سی سے رجوع کیا تھا۔ ان کمپنیوں نے 10 نومبر 2025 کو کمیشن سے درخواست کرتے ہوئے اضافی وصولی کی اجازت مانگی تھی۔

ٹرو اَپ میکانزم کے ذریعے بجلی کی اصل خریداری اور دیگر متعلقہ اخراجات کو سابقہ طور پر منظور شدہ ٹیرف کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔ ای آر سی کی جانب سے منظوری کے بعد یہ رقم صارفین کے بجلی بلوں میں فی یونٹ اضافی چارج کے طور پر وصول کی جائے گی۔

نومبر سے اضافی چارج لاگو ہونے کے بعد صارفین کے ماہانہ بجلی بلوں میں ان کے استعمال کے مطابق اضافہ ہوگا۔ گھریلو، تجارتی اور دیگر زمروں کے صارفین پر اس اضافی وصولی کا اثر ان کے بجلی کے استعمال کے حساب سے مختلف ہوگا۔بجلی کے بلوں میں اضافی رقم کی وصولی سے صارفین پر مالی بوجھ بڑھنے کا امکان ہے۔۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande