
ممبئی، 5 اکتوبر (ہ س)۔ ’بندش بینڈٹس‘ کے دونوں سیزن اور ایمیزون پرائم ویڈیو کی فلم ’دی مہتا بوائز‘ میں اپنی اداکاری سے شناخت بنانے والی اداکارہ شریا چودھری اب آیوشمان کھرانہ کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔ شریا آئندہ فلم ’موپاپا‘ میں آیوشمان کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گی۔ سمیر سکسینہ کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 19 فروری 2027 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
’موپاپا‘ کو یش راج فلمز کے سی ای او اکشے ودھانی اور پوشم پا پکچرز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ یہ دونوں پروڈکشن اداروں کا پہلا تھیئریٹکل اشتراک ہے۔ پوشم پا پکچرز کی مشترکہ بنیاد سمیر سکسینہ نے بسواپتی سرکار، سوربھ کھنہ اور امت گولانی کے ساتھ رکھی ہے۔ شریا اپنی فطری اداکاری اور کرداروں میں جذباتی گہرائی پیدا کرنے کی صلاحیت کے لیے جانی جاتی ہیں۔ ’بندش بینڈٹس‘ میں ان کی اداکاری کو ناظرین نے پسند کیا، جبکہ ’دی مہتا بوائز‘ میں انہوں نے اپنی اداکاری کے مختلف رنگ پیش کیے۔
اس فلم سے شریا کے کریئر کو ایک نئی سمت ملنے کی امید ہے۔ اسی دوران انہیں وائی آر ایف ٹیلنٹ نے خصوصی مینجمنٹ کے لیے سائن کیا ہے۔ اب وہ یش راج فلمز کے ٹیلنٹ مینجمنٹ شعبے کا حصہ ہیں، جو رانی مکھرجی، آیوشمان کھرانہ، سونم کپور، وانی کپور، شرووری، اہان پانڈے اور انیت پڈا سمیت کئی فنکاروں کی نمائندگی کرتا ہے۔ وائی آر ایف ٹیلنٹ فنکاروں کے لیے فلمی پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ برانڈز، فیشن، ڈیجیٹل اور دیگر تفریحی شعبوں میں طویل مدتی کریئر بنانے پر بھی توجہ دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد