
نئی دہلی، 4 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو آندھرا پردیش کے گنٹور ضلع کے برّی پالیم گاؤں میں پردھان منتری آواس یوجنا-دیہی 2.0 کے تحت تین لاکھ مکانات کی پہلی قسط جاری کرنے کا آغاز کیا۔ ان مکانات کی تعمیر پر مجموعی طور پر 3600 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کے پہلے تھری ڈی کنکریٹ پرنٹنگ ٹیکنالوجی پر مبنی رہائشی منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس منصوبے کے تحت 14 کروڑ روپے کی لاگت سے 177 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔مرکزی وزارت دیہی ترقی کے مطابق آندھرا پردیش کے لیے پہلے 76 ہزار مکانات مختص کرنے کی تجویز تھی، تاہم وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو کی درخواست کے بعد مرکزی حکومت نے یہ تعداد بڑھا کر تین لاکھ کر دی۔ چوہان نے کہا کہ تین لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد مرکزی حکومت ریاست کے لیے مزید تین لاکھ مکانات منظور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد آندھرا پردیش کے ہر غریب خاندان کو پکا مکان فراہم کرنا ہے۔
چوہان نے برّی پالیم اور اوبول نائیڈو پالیم میں تھری ڈی کنکریٹ پرنٹنگ پر مبنی رہائشی منصوبے کو دیہی رہائش کو جدید بنانے کی سمت میں اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 کروڑ روپے کی اس پائلٹ اسکیم میں جدید مشینوں اور تھری ڈی کنکریٹ پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، جس سے تعمیر کا وقت، لاگت اور مزدوری کی ضرورت کم ہوگی۔ 177 مکانات کی تعمیر چھ ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت امراوتی کی ترقی کے لیے بھی تعاون کر رہی ہے۔ مرکز نے آندھرا پردیش کی واحد مستقل راجدھانی کے طور پر امراوتی کو تسلیم کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں قانون منظور کیا ہے اور اس کی ترقی کے لیے 15 ہزار کروڑ روپے کی خصوصی مالی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے پولورم آبپاشی منصوبے کو ریاست کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے مرکز کی جانب سے 100 فیصد گرانٹ کی امداد دی جا رہی ہے۔
چوہان نے کہا کہ پردھان منتری کسان سمان ندھی کے تحت مرکزی حکومت کسانوں کو سالانہ 6 ہزار روپے فراہم کرتی ہے، جبکہ آندھرا پردیش حکومت کی ’انّ داتا سُکھی بھَو‘ اسکیم کے تحت 14 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔ اس طرح کسانوں کو ہر سال مجموعی طور پر 20 ہزار روپے ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش پھلوں، پھولوں، سبزیوں اور ادویاتی فصلوں کے شعبے میں ملک کا ایک بڑا باغبانی مرکز بن سکتا ہے۔
مرکزی وزیر دیہی ترقی نے کہا کہ آندھرا پردیش میں خود امدادی گروپوں سے وابستہ 23 لاکھ خواتین ’لکھ پتی دیدی‘ بن چکی ہیں۔ این ڈی اے حکومت کا ہدف ان کی تعداد بڑھا کر 60 لاکھ کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قومی سرس میلہ 15 اکتوبر کو پہلی مرتبہ دہلی سے باہر آندھرا پردیش میں منعقد کیا جائے گا، جس کا افتتاح صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کریں گی۔چوہان نے تلگو زبان میں لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مدھیہ پردیش کے ’ماما‘ ہیں تو آندھرا پردیش کے بھی ’ماما‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کے لیے عبادت کے مترادف ہے۔
وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے مکانات کی تعمیر کے لیے مرکزی حکومت کی امداد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش میں غریب خاندانوں کے لیے مجموعی طور پر 9 لاکھ مکانات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت کے تعاون سے آندھرا پردیش بنیادی ڈھانچے، زراعت، جدید ٹیکنالوجی اور دیہی ترقی کے شعبوں میں ملک کی سرکردہ ریاست بنے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan