شدید بیمار مریضوں کی جان بچانے کے لیے نوئیڈا پولیس کی انسانی پہل، آپریشن فاسٹ شروع
نوئیڈا، 30 اکتوبر (ہ س)۔ پولیس کمشنر گوتم بدھ نگر لکشمی سنگھ نے ہنگامی طبی خدمات کو مزید مؤثر بنانے اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کی سمت میں ایک اہم پہل کی ہے۔ مرکزی ایمبولینس ٹریفک سہولت نظام کے تحت اب ایمبولینس جیسی ہنگامی گاڑیوں کو ٹریفک جام
شدید بیمار مریضوں کی جان بچانے کے لیے نوئیڈا پولیس کی انسانی پہل، آپریشن فاسٹ شروع


نوئیڈا، 30 اکتوبر (ہ س)۔

پولیس کمشنر گوتم بدھ نگر لکشمی سنگھ نے ہنگامی طبی خدمات کو مزید مؤثر بنانے اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کی سمت میں ایک اہم پہل کی ہے۔

مرکزی ایمبولینس ٹریفک سہولت نظام کے تحت اب ایمبولینس جیسی ہنگامی گاڑیوں کو ٹریفک جام میں پھنسے بغیر کم وقت میں قریبی اسپتال پہنچایا جا سکے گا۔ اس نظام کو ”آپریشن فاسٹ“ (فاسٹ ایمبولینس سیملیس ٹرانزیشن) کا نام دیا گیا ہے۔

پولیس کمشنر لکشمی سنگھ نے جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گوتم بدھ نگر پولیس خالی ایمبولینس کے ذریعے اس نظام کا تجربہ بھی کر چکی ہے۔ چلہ بارڈر سے سیکٹر 62 میں واقع فورٹس اسپتال اور سیکٹر 135 میں واقع میکس اسپتال تک ایمبولینس کو تقریباً 10 منٹ میں پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر شیویا گوئل نے تحقیق کے بعد اس مجوزہ اسکیم کو تیار کیا ہے، جسے آج پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگامی طبی خدمات کو مزید مو¿ثر بنانے اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کے مقصد سے آپریشن فاسٹ تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کا مقصد شدید بیمار مریضوں، ٹراما کے مریضوں اور سڑک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو لے جانے والی ایمبولینسوں کی محفوظ، تیز رفتار اور بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو ترجیحی بنیاد پر یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طبی ہنگامی حالات، مثلاً شدید چوٹ، دل کا دورہ، فالج اور دیگر جان لیوا صورت حال میں مریض کی زندگی کے لیے ہر منٹ انتہائی اہم ہوتا ہے۔

پولیس کمشنر کے مطابق، مجوزہ نظام کے تحت ٹریفک پولیس کنٹرول روم میں 24 گھنٹے کام کرنے والا ایک مخصوص ایمبولینس ٹریفک سہولت سیل قائم کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے خصوصی رابطہ ہیلپ لائن نمبر 9218981716 مقرر کیا گیا ہے، جسے متعلقہ اداروں اور مختلف اسپتالوں کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

جب بھی کسی مریض یا سڑک حادثے کے متاثرہ شخص کو لے جانے والی ایمبولینس کو ٹریفک میں مدد کی ضرورت ہوگی تو ایمبولینس ڈسپیچر، اسپتال کا کنٹرول روم یا ایمبولینس کا عملہ اس کی موجودہ جگہ، منزل اور مجوزہ راستے کی معلومات مخصوص کنٹرول روم کو فراہم کرے گا۔

اطلاع موصول ہوتے ہی کنٹرول روم متعلقہ راستے پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں سے فوری رابطہ قائم کرے گا، تاکہ اہم چوراہوں پر پہلے سے ٹریفک صاف کرنے، ضرورت کے مطابق عارضی طور پر سگنل کنٹرول کرنے، مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کی آمد و رفت کو منظم کرنے اور متبادل راستوں کا انتظام کیا جا سکے۔

پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس مجوزہ نظام کی افادیت جانچنے کے لیے گوتم بدھ نگر پولیس نے ایک تجرباتی مشق (ٹرائل رن) بھی کی تھی۔ مصروف ٹریفک کے اوقات میں ایک خالی ایمبولینس نے چلہ بارڈر سے میکس اسپتال اور فورٹس اسپتال تک تقریباً 12 کلومیٹر کا فاصلہ ہر راستے پر تقریباً 10 منٹ میں طے کیا تھا۔ یہ کامیابی عام ٹریفک کو متاثر کیے بغیر بہتر منصوبہ بندی اور باہمی تال میل کے ذریعے حاصل کی گئی۔

اس کامیاب تجربے سے ثابت ہوا کہ مو¿ثر اور بروقت ٹریفک انتظام کے ذریعے شدید بھیڑ کے اوقات میں بھی ایمبولینس کے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کی جگہ سے اسپتال اور ٹراما سینٹر تک ایمبولینس کی تیز رفتار آمد و رفت یقینی بنا کر یہ نظام علاج میں ہونے والی غیر ضروری تاخیر کو کم کرنے اور سڑک حادثات میں اموات کی شرح گھٹانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایمبولینس کو ترجیح دیتے ہوئے فوراً راستہ دیں، چوراہوں کو بند نہ کریں اور ہنگامی حالات میں ٹریفک پولیس کا تعاون کریں۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر نصب پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے بھی اعلانات کیے جائیں گے، تاکہ عام لوگوں سے اپیل کی جا سکے کہ وہ آنے والی ایمبولینس کو ترجیح دیتے ہوئے راستہ فراہم کریں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande