ایشیائی کھیل 2026: ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ملیشیا کو 1-5 سے ہرا کر سونے کا تمغہ جیتا
ہندوستان پہلی بار مسلسل دو ایشیائی کھیلوں میں چیمپئن بنا آئیچی-ناگویا، 03 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایشیائی کھیل 2026 میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ ہفتہ کے روز گیفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائن
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم


ہندوستان پہلی بار مسلسل دو ایشیائی کھیلوں میں چیمپئن بنا

آئیچی-ناگویا، 03 اکتوبر (ہ س)۔

ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایشیائی کھیل 2026 میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔ ہفتہ کے روز گیفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ہندوستان نے ملیشیا کو 1-5 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پہلی بار ایشیائی کھیلوں میں مردوں کی ہاکی کا سونا مسلسل دوسری بار جیتا ہے۔

یہ ایشیائی کھیلوں میں مردوں کی ہاکی میں ہندوستان کا پانچواں سونے کا تمغہ ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے 1966، 1998، 2014 اور 2022 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ 2022 کے بعد 2026 میں بھی خطاب جیت کر ہندوستان نے مسلسل دو ایشیائی کھیلوں میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے 2028 لاس اینجلس اولمپکس کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔ ساتھ ہی پہلی بار کسی ایک ایشیائی کھیل میں ہندوستان کی مردوں اور خواتین دونوں ہاکی ٹیموں نے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ جمعہ کے روز ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے فائنل میں چین کو 0-1 سے ہرا کر سونا جیتا تھا۔ اس طرح ہاکی، کبڈی اور کرکٹ کے بعد ایشیائی کھیلوں کے ایک ہی ایڈیشن میں مرد اور خواتین دونوں زمروں میں سونا جیتنے والا ہندوستان کا تیسرا ٹیم کھیل بن گیا ہے۔

ہندوستان نے شروعات سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور چوتھے منٹ میں پہلی بار سرکل میں داخلہ حاصل کیا۔ چھٹے منٹ میں وویک کے پاس بھی موقع آیا لیکن ان کا ریورس ہٹ نشانے سے باہر چلا گیا۔ ہندوستان کو 12ویں منٹ میں پہلا پنالٹی کارنر ملا اور کپتان ہرمن پریت سنگھ نے شاندار ڈریگ فلک کے ذریعے گیند کو گول میں پہنچا کر ہندوستان کو 0-1 کی برتری دلا دی۔

ملیشیا نے دو منٹ بعد ہی برابری کر لی۔ شیلو سلویریئس نے بائیں جانب سے ملے فضائی پاس کو قابو میں کیا اور تنگ زاویے سے شاندار ہاف والی لگا کر ہندوستانی گول کیپر سورج کو چکمہ دیتے ہوئے اسکور 1-1 کر دیا۔ پہلا کوارٹر اسی اسکور پر ختم ہوا۔

جگراج نے پھر ہندوستان کو آگے کیا

دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے دباو برقرار رکھا۔ 23ویں منٹ میں ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا اور جگراج سنگھ نے بہترین ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے ہندوستان کو 1-2 سے آگے کر دیا۔ وقفے تک ہندوستان نے اپنی یہ برتری برقرار رکھی۔

تیسرے کوارٹر میں ہندوستان نے گیند پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا، لیکن ملیشیا کے مضبوط دفاع کی وجہ سے واضح مواقع کم ملے۔ 43ویں منٹ میں مندیپ سنگھ کے ڈیفلیکشن کے بعد گیند پوسٹ کے محافظ کے جسم سے ٹکرائی، جس کے بعد ہندوستان کو پنالٹی اسٹروک ملا۔ ہاردک سنگھ نے ذمہ داری سنبھالی اور گول کیپر کو غلط سمت بھیجتے ہوئے گیند جال میں ڈال دی۔ ہندوستان کی برتری 1-3 ہو گئی۔

چوتھے کوارٹر میں ہندوستان نے مسلسل دباو بنائے رکھا۔ 53ویں منٹ میں ہندوستان کو مسلسل پنالٹی کارنر ملے۔ ٹی وی جائزے کے بعد پنالٹی کارنر برقرار رہا اور 55ویں منٹ میں ہندوستان نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ابھیشیک کی دائیں جانب سے کی گئی شاندار کوشش کے بعد ڈیفلیکشن کے ذریعے گیند شیلانند لکڑا تک پہنچی، جنہوں نے قریب سے گول کر کے ہندوستان کی برتری 1-4 کر دی۔

اس کے دو منٹ بعد جائزے میں دلپریت سنگھ پر پش کی تصدیق ہونے پر ہندوستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا۔ ہرمن پریت سنگھ نے ایک بار پھر شاندار ڈریگ فلک کے ذریعے گول کر کے ہندوستان کو 1-5 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

آخری منٹوں میں ہندوستانی ٹیم نے ملیشیا کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور 1-5 کی شاندار جیت کے ساتھ سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان کے ایشیائی کھیل 2026 میں مجموعی تمغوں کی تعداد 85 ہو گئی ہے، جن میں 21 سونا، 27 چاندی اور 37 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande