نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س)۔ ایشین گیمز 2026 ہندوستان کے لیے صرف تمغوں کی تعداد بڑھانے کی مہم نہیں رہی بلکہ کئی کھیلوں اور مقابلوں میں نئی تاریخ رقم کرنے والا ایڈیشن بھی ثابت ہوئی۔ کامیابیوں کی فہرست پر نظر ڈالیں تو ہندوستان نے کم از کم 15 ایسی کامیابیاں درج کی ہیں، جنہیں پہلی بار یا تاریخی کامیابی کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی کھلاڑیوں نے طویل انتظار کے بعد ملک کو تمغے دلائے، پرانے ریکارڈ بہتر کیے اور کئی نئے کھلاڑیوں نے پہلی بار ایشین گیمز میں شرکت کرتے ہوئے تمغے جیت کر اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
کامیابیوں کی تصدیق شدہ فہرست کے مطابق، ایشیائی کھیلوں میں پہلی بار حصہ لینے والے ہندوستان کے 310 کھلاڑیوں میں سے 83 نے تمغے جیتے۔ ان میں 43 خواتین اور 40 مرد شامل ہیں۔ یعنی پہلی بار ایشیائی کھیلوںمیں حصہ لینے والے تقریباً 26.77 فیصد ہندوستانی کھلاڑی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔ ان ڈیبیو کرنے والے تمغہ یافتہ کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 41 تمغے جیتے، جن میں سونے کے 14، چاندی کے 12 چاندی اور کانسے کے15 تمغے شامل ہیں۔
ایم ایم اے سے سافٹ ٹینس تک پہلی بار ہندوستان کی دستک
ہندوستان کے لیے تاریخی کامیابیوں کا آغاز ان کھیلوں سے ہوا، جہاں اس سے پہلے ایشین گیمز میں ملک کا تمغوں کا کھاتہ نہیں کھلا تھا۔
سوچیکا تاریال نے خواتین کے روایتی 60 کلوگرام زمرے میں تمغہ جیت کر ایم ایم اے میں ہندوستان کا پہلا ایشیائی کھیل تمغہ حاصل کیا۔ وہیں جے مینا نے مردوں کے انفرادی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیت کر سافٹ ٹینس میں ہندوستان کو پہلا ایشین گیمز تمغہ دلایا۔
شوٹنگ میں بھی دو مقابلوں میں ہندوستان نے پہلی بار تمغے جیتے۔ مہیشوری چوہان، پریناز دھالیوال اور رائزہ ڈھلوں نے خواتین کی اسکیٹ ٹیم مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا، جبکہ پریناز دھالیوال اور اننت جیت سنگھ نروکا نے اسکیٹ مکسڈ ٹیم مقابلے میں کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ دونوں کامیابیاں ان مقابلوں میں ہندوستان کے پہلے ایشین گیمز تمغے کے طور پر درج ہوئیں۔
روئنگ میں ستنام سنگھ اور سلمان خان نے مردوں کے ڈبل اسکلز مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیت کر اس مقابلے میں ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں کاپہلا تمغہ دلایا۔ ایتھلیٹکس میں بارانیکا ایلنگوون نے خواتین کے پول والٹ میں کانسے کا تمغہ جیت کر اس مقابلے میں ہندوستان کا پہلا ایشین گیمز تمغہ حاصل کیا۔
شوٹنگ میں پہلی بار سونے کا تمغہ، تیر اندازی میں تاریخی کامیابی
شوٹنگ میں کمل جیت اور سروچی اندر سنگھ نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ اس مقابلے میں ہندوستان کا ایشیائیکھیل 2026میں پہلاسونے کا تمغہ تھا۔
اسکواش میں ان ہت سنگھ نے خواتین کے انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ ایشین گیمز کے خواتین کے انفرادی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنیں اور ہندوستان کو اس مقابلے میں پہلا خواتین کا انفرادی چاندی کا تمغہ دلایا۔
ووشو میں ناؤریم روشبینا دیوی نے خواتین کے 60 کلوگرام سانڈا مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر مسلسل تین ایشین گیمز میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
شوٹنگ میں کائنان چنائی اور نیرو نے ٹریپ مکسڈ ٹیم مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ ایشیائی کھیلوں میں اس مقابلے میں ہندوستان کا سونے کا پہلا تمغہ تھا۔ دونوں نے 40 میں سے 34 نشانے درست لگا کر نیا ایشیائی ریکارڈ بھی قائم کیا۔
تیر اندازی میں انکتا بھکت، کم کم انل موہود اور کیرتی نے خواتین کے ریکرو ٹیم مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ اس مقابلے میں ایشین گیمز میں ہندوستان کا پہلا سونے کا تمغہ تھا۔ وہیں دھیرج بوم دیورا اور کم کم انل موہود نے ریکرو مکسڈ ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا، جو اس مقابلے میں ہندوستان کا پہلا چاندی کا تمغہ تھا۔
مکے بازی اور کشتی رانی میں بھی نئے باب کا اضافہ
مکے بازی میں لولیینا بورگوہین نے خواتین کے 75 کلوگرام زمرے میں سونے کا تمغہ جیت کر اس وزن کے زمرے میں ایشین گیمز کا ہندوستان کا پہلا سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
سیلنگ (کشتی رانی)میں نیترا کمانن نے خواتین کے ڈنگی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ یہ اس مقابلے میں ہندوستان کا پہلا ایشین گیمز تمغہ تھا۔
سیپک ٹاکرا میں ہندوستانی ٹیم نے مردوں کے کواڈرینٹ مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ یہ ایشین گیمز کے مردوں کے کواڈرینٹ مقابلے میں ہندوستان کا پہلا تمغہ تھا۔
اس طرح پہلی بار تمغہ جیتنے والے کھیلوں اور مقابلوں کی فہرست میں ایم ایم اے، سافٹ ٹینس، شوٹنگ کے کئی مقابلے، روئنگ، پول والٹ، اسکواش، تیر اندازی، باکسنگ، سیلنگ اور سیپک ٹاکرا شامل رہے۔
میرا بائی سے ہاکی تک، طویل انتظار بھی ختم
ہندوستان کی تاریخی کامیابیاں صرف پہلی بار تمغہ جیتنے تک محدود نہیں رہیں۔ میرا بائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ میں چاندی کا تمغہ جیت کر اپنے کریئر کا پہلا ایشین گیمز تمغہ حاصل کیا اور ہندوستان کے 28 سالہ ویٹ لفٹنگ کے تمغے کے انتظار کو ختم کیا۔
ساون بروال کے نام بھی مردوں کی میراتھن میں اہم کامیابی درج ہوئی۔ فہرست کے مطابق یہ 1982 کے بعد مردوں کی میراتھن میں ہندوستان کا پہلا ایشین گیمز تمغہ اور ملک سے باہر اس مقابلے میں پہلا ایسا تمغہ تھا۔
کرکٹ میں شیفالی ورما نے خواتین کے ٹی20 میں سنچری بنائی۔ فہرست کے مطابق یہ ایشیائی کھیلوں میں کسی ہندوستانی خاتون کی پہلی سنچری اور خواتین کی کرکٹ کی ایشین گیمز تاریخ کی پہلی سنچری تھی۔ اسمرتی مندھانا نے بھی 11 ہزار بین الاقوامی رن مکمل کرنے والی پہلی خاتون کرکٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹیبل ٹینس میں مانوش شاہ اور دیا چتلے نے مکسڈ ڈبلز میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ یہ ایشین گیمز کی تاریخ میں ہندوستان کا ٹیبل ٹینس میں چوتھا اور مکسڈ ڈبلز میں دوسرا تمغہ تھا۔
کشتی میں مسلسل کامیابی
کشتی میں سنیل کمار نے 87 کلوگرام گریکو رومن میں کانسے کا تمغہ جیت کر ایشین گیمز کے مسلسل دو ایڈیشنز میں پوڈیم پر پہنچنے والے پہلے ہندوستانی گریکو رومن پہلوان ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
نتیش کمار نے 97 کلوگرام گریکو رومن میں چاندی کا تمغہ جیت کر ایشین گیمز کے فائنل میں پہنچنے اور چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہندوستان کی تاریخ کے صرف دوسرے گریکو رومن پہلوان ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فہرست میں ان کی کامیابی کو 1962 میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ماروتی مانے کے 64 سال بعد کی کامیابی کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
سجیت کلکل نے مردوں کے 65 کلوگرام فری اسٹائل میں سونے کا تمغہ جیت کر اس وزن کے زمرے میں سونے تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے تیسرے پہلوان ہونے کا ریکارڈ بنایا۔ ان سے پہلے یوگیشور دت نے 2014 اور بجرنگ پونیا نے 2018 میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔
مکے بازی میں پروین نے خواتین کے 65 کلوگرام زمرے میں سونے تمغہ جیت کر ایشیائی کھیلوںکی تاریخ میں سونے کا تمغہ جیتنے والی تیسری ہندوستانی خاتون مکے بازبننے کا اعزاز حاصل کیا۔
44 سال بعد خواتین ہاکی میں سونے کا تمغہ
ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے بھی تاریخی واپسی کی۔ ٹیم نے سونے تمغہ جیت کر 44 سال کا انتظار ختم کیا۔ اس سے قبل ہندوستان نے خواتین کی ہاکی میں آخری بار 1982 کے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
مکے بازی میں ہندوستان کی مہم کو بھی فہرست میں کامیاب ترین مہمات میں شامل کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز 2026 میں ہندوستانی مکے بازوں نے مجموعی طور پر چھ تمغے جیتے ، جن میں سونے کے تین اورکانسے کے تین تمغے شامل ہیں۔ فہرست کے مطابق سونے کے تمغوں کے لحاظ سے یہ باکسنگ میں ہندوستان کی سب سے کامیاب ایشین گیمز مہم رہی، جس نے 2010 کی کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا، جب ہندوستان نے سونے کے دو ، چاندی کے تین اور کانسے کے چارتمغوں سمیت مجموعی طور پر نو تمغے جیتے تھے۔
پہلی بار کھیلنے والوں نے بھی مضبوط نقوش چھوڑے
ایشین گیمز 2026 میں ہندوستان کے 310 کھلاڑی پہلی بار ایشین گیمز میں اترے۔ ان میں سے 83 کھلاڑی تمغے جیتنے میں کامیاب رہے۔ ان میں 43 خواتین اور 40 مرد شامل ہیں۔ پہلی بار حصہ لینے والے ان تمغہ یافتہ کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 41 تمغے جیتے، جن میں سونے کے 14، چاندی کے 12 چاندی اور کانسے کے 15 کے تمغے شامل ہیں۔
کھیل کے اعتبار سے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو کبڈی کے 15 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں تمام 15 تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے اور انہوں نے سونے کے دو تمغے جیتے۔ ایتھلیٹکس میں 51 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں 14 نے تمغے جیتے اور ان کے کھاتے میں سونے کاایک ، چاندی کے تین اور کانسے کے چھ تمغے سمیت 10 تمغے آئے۔
شوٹنگ میں 17 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں سے 13 نے تمغے جیتے۔ انہوں نے سونے کے تین ، چاندی کے چھ اور کانسے کے دو تمغوں سمیت مجموعی طور پر 11 تمغے حاصل کیے۔ کرکٹ میں 20 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں سے 10 تمغہ یافتہ رہے اور انہوں نے سونے کا ایک تمغہ جیتا۔
تیر اندازی میں نو ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں تمام نو تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔ ان کے کھاتے میں سونے کے چار اور چاندی کے دو تمغوں سمیت چھ تمغے رہے۔مکے بازی میں چھ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں سے دو نے تمغے جیتے اور ان کے کھاتے میں سونے کاایک اور کانسے کے دو سمیت دو تمغے درج ہوئے۔
روئنگ میں 15 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں ایک تمغہ جیتنے میں کامیاب رہا، جبکہ اسکواش میں چار میں سے تین ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے تمغے جیتے اور مجموعی طور پر کانسے کے دو تمغے حاصل کیے۔ کشتی میں 10 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں سے دو نے تمغے جیتے—جن میں سونے کا ایک اور چاندی کا ایک تمغہ شامل ہے۔ سیپک ٹاکرا میں 14 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں تین تمغہ یافتہ رہے اور انہوں نے کانسے کا ایک کا تمغہ جیتا۔
کئی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے ایک سے زیادہ تمغے بھی جیتے
ڈیبیو کرنے والے یعنی پہلی بار ایشیائی کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی انفرادی فہرست سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں نے اپنے پہلے ہی ایشین گیمز میں ایک سے زیادہ تمغے جیتے۔ ایتھلیٹکس میں وشال تھیناراسو کیلوجھی اور منو تھیکنالیل ساجی نے مکسڈ 4×400 میٹر ریلے میں چاندی اور مردوں کے 4×400 میٹر ریلے میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ یشویر سنگھ نے مردوں کے نیزہ پھینک مقابلے میں تمغہ جیتا، جبکہ ساون بروال نے مردوں کی میراتھن میں تمغہ حاصل کیا۔
خواتین کے ایتھلیٹکس میں کرن پہل نے 4×400 میٹر خواتین کی ریلے میں سونے کا تمغہ اور مکسڈ 4×400 میٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ بارانیکا ایلنگوون نے خواتین کے پول والٹ میں تمغہ حاصل کیا۔
بیڈمنٹن میں آیوش شیٹی، تھارون منّے پلی اور ہری ہرن امساکرونن مردوں کی ٹیم کے تمغہ جیتنے کی مہم کا حصہ رہے۔ کرکٹ میں پرتیکا راول، بھارتی پھولمالی، جی کمالنی، شری چرنی، شر ینکا پاٹل، رادھا یادو، اروندھتی ریڈی، رینوکا ٹھاکر اور دیگر ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے خواتین کی ٹیم کے سونے کے تمغے میں اہم کردار ادا کیا۔
کبڈی میں بھی بڑی تعداد میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے تمغے جیتے۔ خواتین اور مردوں دونوں ٹیموں کے کئی کھلاڑی پہلی بار ایشین گیمز میں اترے اورسونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ بنے۔ شوٹنگ، تیر اندازی، کشتی اور اسکواش میں بھی کئی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں تمغے حاصل کیے۔
نئے نام، نئے کھیل اور نئے ریکارڈ
ایشین گیمز 2026 کی کامیابیوں کی یہ تصویر ظاہر کرتی ہے کہ ہندوستان کی مہم صرف روایتی طور پر تمغے جیتنے والے کھیلوں تک محدود نہیں رہی۔ ایم ایم اے، سافٹ ٹینس، سیپک ٹاکرا، سیلنگ اور پول والٹ جیسے مقابلوں میں پہلی بار تمغے جیتنے کے ساتھ ہندوستان نے کئی نئے شعبوں میں اپنی موجودگی درج کرائی۔
دوسری جانب تیر اندازی، شوٹنگ، کشتی، مکے بازی ، ہاکی اور کرکٹ جیسے کھیلوں میں کھلاڑیوں نے پرانے ریکارڈ اور کامیابیوں کو مزید آگے بڑھایا۔ سب سے اہم بات یہ رہی کہ 83 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی تمغے جیتنے میں کامیاب رہے، جن میں سونے کے 14 تمغہ جیتنے والے کھلاڑی شامل ہیں۔
اس لحاظ سے ایشین گیمز 2026 ہندوستان کے لیے صرف تمغوں کی مہم نہیں بلکہ نئے کھیلوں میں قدم رکھنے، طویل انتظار ختم کرنے، پرانے ریکارڈ بہتر بنانے اور نئی نسل کے تمغہ یافتہ کھلاڑیوں کے ابھرنے کا ایڈیشن بھی ثابت ہوا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد