نالندہ میں گانجہ اور براؤن شوگر کے ساتھ پانچ ملزمین گرفتار، ایک لاکھ 61 ہزار روپے سے زائد نقد رقم ضبط
نالندہ، 29 اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے نالندہ ضلع میں پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گانجہ اور براؤن شوگر کے ساتھ پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ رہوئی تھانہ پولیس نے رہوئی بازار میں ایک ڈیری اور کرانہ اسٹور پر چھاپہ ماری کر چار کلو گرام گانج
نالندہ میں گانجہ اور براؤن شوگر کے ساتھ پانچ ملزمین گرفتار، ایک لاکھ 61 ہزار روپے سے زائد نقد رقم ضبط


نالندہ، 29 اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے نالندہ ضلع میں پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گانجہ اور براؤن شوگر کے ساتھ پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ رہوئی تھانہ پولیس نے رہوئی بازار میں ایک ڈیری اور کرانہ اسٹور پر چھاپہ ماری کر چار کلو گرام گانجہ برآمد کیا، جبکہ استھاواں تھانہ پولیس نے گوبَر بِگہا موڑ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے براؤن شوگر کے ساتھ تین مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق رہوئی بازار میں واقع کرانہ اسٹور پر روزمرہ کے سامان کی آڑ میں گانجے کی خرید و فروخت کیے جانے کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس کی بنیاد پر تھانہ انچارج للت وجے کی قیادت میں چھاپہ ماری کی گئی ۔ کارروائی کے دوران چار کلو گرام گانجے کے علاوہ 53 ہزار 300 روپے نقد، دو الیکٹرانک ترازو، ایک موٹر سائیکل اور دو اسمارٹ فون ضبط کیے گئے۔اس معاملے میں گرفتار ملزمین کی شناخت جگت نندن پور گاؤں کے منوج کمار اور ہرش رنجن کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق منوج کمار کے خلاف رہوئی تھانے میں پہلے سے تین مقدمات درج ہیں، جن میں 2024 کا مارپیٹ اور جان لیوا حملے کا معاملہ بھی شامل ہے۔ سال 2025 میں بھی اس کے خلاف مارپیٹ اور بہار امتناعِ شراب و ایکسائز ترمیمی قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔ دوسرے ملزم ہرش رنجن کمار کے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ دونوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے عدالتی تحویل میں بھیجنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔دوسری جانب استھاواں تھانہ پولیس نے گوبَر بِگہا موڑ کے قریب چھاپہ ماری کر براؤن شوگر کی 25 پڑیا اور ایک لاکھ آٹھ ہزار ایک سو روپے نقد برآمد کیے۔ اس معاملے میں گرفتار ملزمین کی شناخت استھاواں کے رہنے والے لو کش کمار، راجیو رنجن راج اور رابن کمار کے طور پر ہوئی ہے۔تھانہ انچارج ستیَم کمار نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔ گرفتار ملزمین سے پوچھ گچھ کے بعد پولیس مزید کارروائی میں مصروف ہے۔ دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا اور ایک لاکھ 61 ہزار 400 روپے نقد ضبط کیے گئے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande