
ممبئی ایئرپورٹ پر بینکاک سے آنے والی خاتون گرفتار، 955 گرام ہائیڈروپونک ویڈ ضبط
ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹمز کے ایئر انٹلی جنس یونٹ نے منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے معاملے میں تمل ناڈو کی رہنے والی 39 سالہ خاتون کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمہ کی شناخت سدھا ویلموروگن کے طور پر ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر منشیات ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچانے کا کام کرتی تھی۔ کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی فراہمی، اس کے مطلوبہ وصول کنندہ اور مالی معاملات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کسٹمز کو موصولہ مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بینکاک سے آنے والی سدھا ویلموروگن کو ہوائی اڈے پر روکا گیا۔ ان کی پرواز 27 اکتوبر 2026 کو تقریباً رات 1 بج کر 30 منٹ پر ممبئی پہنچی تھی۔ تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر آمد کے ہال کے خارجی دروازے کے قریب کسٹمز اہلکاروں نے انہیں روک کر سامان کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران 2 سیاہ رنگ کے ویکیوم سیل بند پلاسٹک پیکٹ ملے، جن کے اندر شفاف رنگ کے ویکیوم سیل بند پیکٹ موجود تھے۔ دونوں پیکٹ کھولنے پر سبز رنگ کا خشک پتوں والا مادہ ملا، جس میں پھول اور پھل والے بالائی حصے موجود تھے اور اس سے تیز ناگوار بو آرہی تھی۔ کسٹمز کے مطابق پوچھ گچھ پر خاتون نے اسے ہائیڈروپونک ویڈ بتایا، جس کا مجموعی وزن 955 گرام تھا۔ بھارت میں اس کی اسمگلنگ کے معقول شبہے پر مادہ ضبط کرلیا گیا۔
اس کے بعد سدھا ویلموروگن کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت بیان قلمبند کرانے کے لیے سمن جاری کیا گیا۔ کسٹمز کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ آسانی سے اور جلد رقم کمانے کے لیے اسمگلنگ میں ملوث ہونے سے پوری طرح واقف تھیں۔ بیان درج ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ کسٹمز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن کی شناخت اور تلاش ابھی باقی ہے۔ معاملے کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور متعلقہ ساتھیوں سمیت دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستھان سماچار / جاوید این اے