سیوان کے کبیر مٹھ میں اندھا دھند فائرنگ، مٹھادھیش نے قتل کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا
سیوان کے کبیر مٹھ میں اندھا دھند فائرنگ، مٹھادھیش نے قتل کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا ۔بائک سوار دو نامعلوم بدمعاشوں کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس، سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس ملزمین کی شناخت میں مصروف سیوان، 28 اکتوبر( ہ س)۔ بہار کے سیوا
سیوان کے کبیر مٹھ میں اندھا دھند فائرنگ، مٹھادھیش نے قتل کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا


سیوان کے کبیر مٹھ میں اندھا دھند فائرنگ، مٹھادھیش نے قتل کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا

۔بائک سوار دو نامعلوم بدمعاشوں کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس، سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس ملزمین کی شناخت میں مصروف

سیوان، 28 اکتوبر( ہ س)۔ بہار کے سیوان ضلع کے ایم ایچ نگر تھانہ حلقے کے لہیزی واقع کبیر مٹھ میں منگل کی رات بائک سوار دو نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ واقعے کے بعد مٹھادھیش آمود گوسوامی نے اپنی جان کو خطرہ بتاتے ہوئے قتل کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور انتظامیہ سے سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق منگل کی رات آمود گوسوامی کی طبیعت ناساز تھی۔ وہ کھانا کھانے کے بعد آرام کرنے چلے گئے تھے۔ اسی دوران بائک پر سوار دو افراد مٹھ پہنچے۔ دونوں نے پہلے مٹھ کے اطراف چکر لگایا اور اس کے بعد پستول سے کئی راؤنڈ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے دوران گولی شیشے کے سلائیڈر کو توڑتے ہوئے دیوار سے جا ٹکرائی۔ اچانک ہوئی اس واردات سے مٹھ احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مٹھ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزمین کی شناخت اور فائرنگ کی وجوہات کا پتہ لگانے میں مصروف ہوگئی۔ مٹھادھیش آمود گوسوامی کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ان کے ساتھ مسلسل ایسے واقعات پیش آرہے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں اپنی جان کا خطرہ محسوس ہورہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے سابق مٹھادھیشوں کے ساتھ بھی اس طرح کی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ ان حالات کے پیش نظر انہوں نے اپنی جان لینے کی سازش رچے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

آمود گوسوامی کے مطابق گزشتہ 21 اکتوبر کو مٹھ کے قریب واقع اس کی زمین پر سرسوں کی بوائی کے لیے ٹریکٹر سے جوتائی کرائی جارہی تھی۔ اسی دوران گاؤں کے ہی باپ بیٹے نے وہاں پہنچ کر ٹریکٹر ڈرائیور کو کام کرنے سے روک دیا اور اسے وہاں سے بھگا دیا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد دونوں مٹھ میں پہنچے اور مٹھادھیش کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے گالی گلوج کی۔ اس معاملے میں آمود گوسوامی نے ایم ایچ نگر تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے۔

زمین کے تنازعے کے بعد مٹھ احاطے میں فائرنگ کا واقعہ سامنے آنے سے معاملہ مزید سنگین ہوگیا ہے۔ حالانکہ فائرنگ اور سابقہ زمین تنازع کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں، اس کی تصدیق پولیس کی تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔ فی الحال پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کرتے ہوئے ملزمین کی شناخت اور واقعے کے اسباب کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔ وہیں مٹھادھیش نے انتظامیہ سے معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کرانے اور اپنی حفاظت کے لیے مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan


 rajesh pande