
نئی دہلی، 26 اکتوبر (ہ س): ۔
دہلی کے پہاڑ گنج علاقے میں خریداری کے لیے آنے والی ایک غیر ملکی خاتون کا بیگ چوری کرنے کے الزام میں پولیس نے 72 سالہ خاتون کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمہ کی شناخت سونیت نگر، اتم نگر کی رہنے والی سوتا گاندھی عرف سروج گاندھی کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق، 21 اکتوبر کو ایک غیر ملکی خاتون نے آن لائن شکایت درج کرائی تھی۔ خاتون پہاڑ گنج کی ایک دکان پر خریداری کرنے گئی تھی، جہاں سے اس کا بیگ چوری ہوگیا تھا۔ بیگ میں پاسپورٹ، ویزا سے متعلق دستاویزات، 2600 امریکی ڈالر، ڈھائی لاکھ روپے نقد، تین کریڈٹ کارڈ اور سام سنگ کمپنی کا موبائل فون موجود تھا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد پہاڑ گنج تھانے کی سنگترشان پولیس چوکی کی ٹیم نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔ اس سلسلے میں 21 اکتوبر کو بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 305 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔
ملزمہ کی شناخت کے لیے پولیس نے جائے واردات اور آس پاس کے علاقوں میں نصب 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا تجزیہ کیا۔ تفتیش کے دوران مقامی سطح پر معلومات جمع کرنے کے ساتھ مخبروں کی بھی مدد لی گئی۔ پولیس نے ان افسران سے بھی رابطہ کیا جنہوں نے ماضی میں ملزمہ کو دیگر معاملات میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے نتیجے میں پولیس کو اس کے موجودہ ٹھکانے کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔
اس کے بعد پولیس ٹیم نے 24 اکتوبر کو اتم نگر میں چھاپہ مار کر سوتا گاندھی عرف سروج گاندھی کو گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک لاکھ 85 ہزار 500 روپے نقد اور 2600 امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔ واردات کے وقت ملزمہ نے جو کپڑے پہنے تھے، انہیں بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
تاہم، غیر ملکی خاتون کا پاسپورٹ، ویزا کی دستاویزات، موبائل فون اور تین کریڈٹ کارڈ ابھی برآمد نہیں ہوئے ہیں۔ پولیس ان اشیا کا سراغ لگانے میں مصروف ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق، ملزمہ عادی چور ہے اور حال ہی میں تہاڑ جیل سے رہا ہوئی تھی۔ اس کے خلاف پہلے سے 14 مجرمانہ معاملات میں ملوث ہونے کا ریکارڈ بتایا گیا ہے۔ ان میں 2016 میں سرَوجنی نگر تھانے میں درج چوری اور چوری کا سامان رکھنے سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2026 میں جنک پوری میٹرو، راجا گارڈن میٹرو اور کشمیری گیٹ میٹرو تھانوں میں بھی اس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ