
نئی دہلی، 25 اکتوبر (ہ س)۔ سعودی عرب کی کرنسی ریال تبدیل کرنے کا جھانسہ دے کر ایک ٹیکسی ڈرائیور سے 2 لاکھ روپے کی ٹھگی کے معاملے میں دہلی کے مشرقی ضلع کی اے اے ٹی ایس ٹیم نے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت شمال مشرقی دہلی کے ہرش وہار کے رہائشی صادق شیخ (45) کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق، ٹیکسی ڈرائیور اکھلیش کمار ایپ پر مبنی پلیٹ فارم کے ذریعے گاڑی چلاتے ہیں۔ 13 اکتوبر کو کناٹ پلیس میں ایک ملزم نے ان سے رابطہ کیا اور سعودی کرنسی تبدیل کرنے میں مدد طلب کی۔
ابتدا میں کرنسی کی تبدیلی کا ایک چھوٹا لین دین کیا گیا، جس سے اکھلیش کا اعتماد حاصل کرلیا گیا۔ اس کے بعد ملزم مسلسل ان کے رابطے میں رہا اور بڑی رقم تبدیل کرنے کا جھانسہ دیا۔
17 اکتوبر کو اکھلیش 2 لاکھ روپے لے کر منگلم ریڈ لائٹ کے علاقے میں پہنچے۔ پریس انکلیو بس اسٹینڈ کے قریب ملزمان نے انہیں سعودی ریال سے بھرا ہوا ایک بیگ دکھایا۔ اس کے بعد انہوں نے اکھلیش کو رقم سے بھرے ان کے بیگ کے بدلے وہ بیگ تھما دیا۔
ملزمان کے وہاں سے چلے جانے کے بعد جب اکھلیش نے بیگ کھول کر دیکھا تو اس میں کرنسی کے بجائے اخبارات بھرے ہوئے تھے۔ اس وقت انہیں اپنے ساتھ ہوئی دھوکہ دہی کا علم ہوا۔
شکایت کی بنیاد پر 18 اکتوبر کو مدھو وہار تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 318(4) اور 3(5) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
500 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مشرقی ضلع کی اے اے ٹی ایس ٹیم کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ٹیم نے واردات کے مقام کے آس پاس نصب کیمروں کے علاوہ ملزمان کی آمد و رفت کے راستوں کا سراغ لگانے کے لیے تقریباً 500 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی۔
تکنیکی نگرانی اور مقامی سطح پر تحقیقات کے ذریعے مشتبہ افراد کی شناخت یاسین شیخ، صادق، امیرون اور رنکو کے طور پر کی گئی۔ اس کے بعد پولیس نے صادق شیخ کو ہرش وہار سے گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے مدھو وہار تھانے کی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پہلے بھی درج ہوچکا ہے دھوکہ دہی کا مقدمہ
پولیس کے مطابق، صادق شیخ کے خلاف اس سے پہلے بھی پریت وہار تھانے میں دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔
موجودہ معاملے میں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کے پہنے ہوئے کپڑوں کی شناخت بھی کی ہے۔
اب پولیس گروہ کے دیگر ارکان کے کردار کا پتہ لگانے اور ٹیکسی ڈرائیور سے ٹھگی گئی 2 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی