
مئو، 25 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع مئو کے گھوسی قصبے میں اتوار کو علی الصبح ایک نوجوان کے ذریعے مبینہ طور پر بانس کے ڈنڈے سے کیے گئے حملے میں 60 سالہ بزرگ خاتون کی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ گھوسی کوتوالی علاقے کے محلہ قصبہ خاص کا ہے۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا اور ملزم کو جائے وقوع سے ہی گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، 25 اکتوبر 2026 کی صبح تقریباً پانچ بجے قصبہ خاص کے ساکن رام اوتار سونکر (30) ولد اکلو سونکر نے مبینہ طور پر بانس کے ڈنڈے سے کئی افراد پر حملہ کر دیا۔ اس دوران گلابی دیوی (60) زوجہ تیزو کنوجیا، گلاب سونکر (55)، رام اوتار گپتا (55) اور سراج احمد (40) زخمی ہو گئے۔ سبھی قصبہ خاص کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد تمام زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے گلابی دیوی کو مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق، بزرگ خاتون کے سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔ وہیں زخمی گلاب سونکر، رام اوتار گپتا اور سراج احمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ تینوں کی حالت معمول پر بتائی گئی ہے۔
پولیس کو صبح تقریباً 5.30 بجے فون اور ڈائل 112 کے ذریعے واقعے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچوایا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم رام اوتار سونکر کو بانس کے ڈنڈے کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ مقامی لوگوں نے ملزم کے ذہنی طور پر غیر صحتمند ہونے اور مرگی کا مریض ہونے کی بات کہی ہے۔ تاہم، اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سرویش کمار مشرا کے سرکاری بیان کے مطابق، معاملے میں قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورت حال معمول پر ہے۔ فی الحال، حملے کی اصل وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کے اصل اسباب کا پتہ چل سکے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن