آج چاندنی رات میں تاج محل کا دیدار کریں گے سیاح
۔ شرد پورنیما کے موقع پر چار راتوں تک تاج محل کیا دیدار کریں گے سیاح
آج  چاندنی رات میں تاج محل کا دیدار کریں گے سیاح


آگرہ، 25 اکتوبر (ہ س)۔ محبت کی علامت کے طور پر دنیا بھر میں مشہور عالمی ورثہ تاج محل کو آج شرد پورنیما کی رات چاند کی سفید اور دلکش چاندنی میں دیکھنے کے لیے سیاحوں میں زبردست جوش و خروش ہے۔ شرد پورنیما کی رات چاندنی میں تاج محل کے بعض قیمتی نگینوں کی چمک دیکھنے کے لیے سیاح خصوصی طور پر پُرجوش رہتے ہیں۔

شرد پورنیما کی رات تاج محل کے دیدار کے لیے محکمہ آثارِ قدیمہ ہند (اے ایس آئی) نے پانچ دن پہلے ہی بکنگ شروع کر دی تھی۔ ہفتے سے منگل تک چار راتوں میں ہونے والے دیدار کے لیے بکنگ کی گئی ہے۔ ہر رات 8:30 بجے سے 12:30 بجے تک آدھے آدھے گھنٹے کے آٹھ سلاٹس بنائے گئے ہیں۔ ہر سلاٹ میں 50 سیاحوں کا ایک گروپ تاج محل کا دیدار کرے گا۔ اس طرح چار راتوں مٰں دیدار کے دوران ہر رات 400 سیاح اپنی سہولت کے مطابق تاج محل کو دیکھ سکیں گے۔

تاہم، شرد پورنیما کی اصل رات چاند کی ٹھنڈی چاندنی میں نہائے ہوئے تاج محل کا دیدار کرنے کے لیے لوگوں میں خاص جوش پایا جاتا ہے۔ مانا جاتا ہے کہ تاج محل کے سنگِ مرمر میں کئی قیمتی پتھر اور نگینے جڑے ہوئے ہیں، جو شرد پورنیما کی رات چاندنی پڑنے پر چمکنے لگتے ہیں۔ اس منظر کو ’’چمکی‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

تاج محل کے قریب رہنے والے مقامی باشندے شمس الدین بتاتے ہیں کہ کئی برس پہلے شرد پورنیما کے موقع پر تاج محل کا شبینہ دیدار بالکل مفت ہوتا تھا اور اس پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ لیکن تاج محل کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق اب صرف شرد پورنیما کے موقع پر چار روزہ شبینہ دیدار کی اجازت دی جاتی ہے۔

مال روڈ پر واقع اے ایس آئی کے دفتر میں ان چار دنوں کے تمام سلاٹس کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے پہنچنے والے سیاح اب مایوس ہو کر واپس لوٹ رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کی طرح جن سیاحوں کو ٹکٹ نہیں مل سکے، وہ دریائے جمنا کے دوسری جانب واقع مہتاب باغ کے تاج ویو پوائنٹ سے تاج محل کا دیدار کریں گے۔

ٹورسٹ گلڈ کے سابق صدر راجیو سکسینہ نے بتایا کہ تاج محل کے آس پاس واقع ہوٹلوں میں اس منفرد منظر کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سیاح پہنچ چکے ہیں۔ جن سیاحوں کو ٹکٹ نہیں مل سکے، ان کے لیے ہوٹلوں کی چھتوں سے شبینہ دیدار دکھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

سیاحوں کے علاوہ آگرہ شہر کے نوجوان بھی بڑی تعداد میں شرد پورنیما کے موقع پر تاج محل کی ’’چمکی‘‘ دیکھنے پہنچتے ہیں۔ تاہم، محدود تعداد میں ٹکٹ دستیاب ہونے کے باعث بہت سے لوگ مہتاب باغ میں واقع تاج ویو پوائنٹ سے ہی تاج محل کا نظارہ کرتے ہیں۔ اس دوران وہ ٹارچ کی روشنی کی مدد سے تاج محل پر جڑے قیمتی پتھروں کی چمک تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جیسے ہی کسی کو چمک دکھائی دیتی ہے، چاروں طرف ’’چمکی، چمکی‘‘ کی آوازیں گونجنے لگتی ہیں۔ اس دلکش منظر کو دیکھنے کے لیے لوگ پورا سال انتظار کرتے ہیں۔

محکمہ آثارِ قدیمہ ہند (اے ایس آئی) کے آگرہ سرکل میں تعینات سپرنٹنڈنگ آرکیالوجسٹ اسمتا ایس کمار کے مطابق، شرد پورنیما کے موقع پر چار روزہ شبینہ دیدار کے دوران ہر رات آٹھ مرحلوں میں مجموعی طور پر 400 سیاح تاج محل کا دیدار کریں گے۔ اس کے لیے محکمہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande