
ہندوستان کی تاریخ میں 25 اکتوبر کا دن خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 1947 میں پاکستان کے قبائلی حملہ آوروں کے کشمیر پر حملے کے بعد مہاراجہ ہری سنگھ نے ہندوستانی حکومت سے فوجی مدد کی اپیل کی، جس کے بعد ریاست کے ہندوستان میں انضمام کا عمل تیز ہوگیا۔ وہیں1951میں آزاد ہندوستان کے پہلے عام انتخابات کا آغاز ہوا، جو ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔
آزادی کے بعد مہاراجہ ہری سنگھ اپنی ریاست کو آزاد رکھنا چاہتے تھے اور انہوں نے ہندوستان اور پاکستان دونوں کے ساتھ ’معاہدہ برقرارِ حیثیت‘ (اسٹینڈ اسٹل ایگریمنٹ) کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، 22 اکتوبر 1947 کو پاکستان کی حمایت یافتہ قبائلی افواج نے کشمیر پر اچانک مسلح حملہ کردیا اور تیزی سے سری نگر کی جانب بڑھنے لگیں۔ صورت حال سنگین ہونے پر مہاراجہ نے ہندوستانی حکومت سے فوری فوجی مدد طلب کی۔25 اور 26 اکتوبر 1947 کی درمیانی رات جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ ہندوستان کے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو اور وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے واضح موقف اختیار کیا کہ باضابطہ الحاق کے بغیر ہندوستانی فوج کسی دوسرے علاقے میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ اپنی ریاست کو بچانے کے لیے مہاراجہ ہری سنگھ نے 26 اکتوبر 1947 کو تاریخی دستاویزِ الحاق پر دستخط کیے، جس کے بعد جموں و کشمیر کے ہندوستان سے الحاق کی راہ ہموار ہوئی۔ اس دستاویز کے تحت دفاع، خارجہ امور اور مواصلات جیسے اہم شعبے ہندوستانی حکومت کے سپرد کیے گئے۔
آزاد ہندوستان کے پہلے عام انتخابات کا آغاز
25 اکتوبر ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ کا بھی ایک اہم دن ہے، کیونکہ 1951 میں اسی روز آزاد ہندوستان کے پہلے عام انتخابات کے تحت ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ یہ نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی جمہوری تاریخ کے سب سے بڑے انتخابی تجربات میں سے ایک تھا۔
ہماچل پردیش میں سب سے پہلے ووٹنگ: جب ملک کے بیشتر حصوں میں فروری اور مارچ 1952 کے دوران ووٹنگ کی تیاری کی جارہی تھی، اس وقت ہماچل پردیش کے چینی، جسے اب کَلپا کہا جاتا ہے، علاقے میں 25 اکتوبر 1951 کو ہی ووٹ ڈالے گئے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ سردیوں میں شدید برف باری کے باعث راستے بند ہوجاتے تھے اور انتخابی عمل میں مشکلات پیش آسکتی تھیں۔شیام سرن نیگی نے اس تاریخی انتخاب میں ووٹ ڈال کر آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔ ان کی شرکت ہندوستانی جمہوریت کے سفر کی ایک یادگار مثال بن گئی۔
اہم تاریخی واقعات
1415: سو سالہ جنگ کے دوران انگلینڈ کی فوج نے ایجِن کورٹ کی مشہور لڑائی میں فرانس کو شکست دی۔
1854: کریمیا کی جنگ کے دوران برطانوی گھڑسوار فوج نے روسی فوج پر حملہ کیا، جس میں بڑی تعداد میں فوجی مارے گئے۔
1917: روس میں ولادیمیر لینن کی قیادت میں بالشویک انقلاب کے دوران اقتدار پر قبضہ کیا گیا۔ یہ واقعہ جولین کیلنڈر کے مطابق 25 اکتوبر کو پیش آیا، جبکہ گریگورین کیلنڈر کے مطابق اس کی تاریخ 7 نومبر ہے۔
1924: ہندوستان کے عظیم مجاہدِ آزادی نیتاجی سبھاش چندر بوس کو برطانوی حکومت نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔
1947: پاکستان کے قبائلی حملہ آوروں کے کشمیر پر حملے کے بعد مہاراجہ ہری سنگھ نے ہندوستانی حکومت سے فوجی مدد طلب کی۔
1951: آزاد ہندوستان کے پہلے عام انتخابات کے تحت ووٹنگ کا آغاز ہوا، انتخابی عمل فروری 1952 تک جاری رہا۔
1964: ہندوستان کا پہلا دیسی ساختہ ٹینک ’وجینتا‘ تیار ہوا۔
1971: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے چین کی نمائندگی عوامی جمہوریہ چین کو دینے اور تائیوان کی نمائندگی ختم کرنے سے متعلق تاریخی قرارداد منظور کی۔
1983: امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے کیریبین جزیرے گریناڈا پر فوجی حملہ کیا۔
2023: زمرہ پانچ کا تباہ کن سمندری طوفان اوٹس میکسیکو کے شہر اکاپولکو کے ساحل سے ٹکرایا اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔
پیدائش
1838: جارج بیزے، مشہور اوپیرا ’کارمین‘ کے خالق اور فرانسیسی موسیقار
1881: پابلو پکاسو، اسپین کے عظیم مصور اور کیوبزم کے بانیوں میں سے ایک۔
1938: مردولا گرگ، ہندی کی معروف مصنفہ اور ناول نگار۔
1944: کے چندر شیکھر راؤ(کے سی آر)، معروف ہندوستانی سیاست داں اور تلنگانہ کے پہلے وزیر اعلیٰ۔
1984: کیٹی پیری، امریکی پاپ گلوکارہ۔
وفات
1760: برطانیہ کے بادشاہ جارج دوم، جن کے بعد جارج سوم نے تخت سنبھالا۔
1980: ساحر لدھیانوی، اردو کے مشہور شاعر اور ہندوستانی فلمی دنیا کے نامور نغمہ نگار۔
2005 : نرمل ورما، ہندی کے معروف ادیب اور گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ مصنف۔
2012: جسپال بھٹی، ہندوستانی سنیما کے معروف مزاحیہ اداکار اور طنز و مزاح کے فن کار۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan