
نوئیڈا، 21 اکتوبر (ہ س)۔ نوئیڈا کے سائبر کرائم تھانے میں ایک خاتون نے شکایت درج کرائی ہے کہ پرانی بند شدہ کرنسی کے بدلے نئے نوٹ دینے کا جھانسہ دے کر نامعلوم سائبر جعل سازوں نے ان سے 41 لاکھ 45 ہزار روپے کی دھوکہ دہی کی ہے۔ پولیس نے معاملے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سائبر کرائم) پریتی یادو نے بتایا کہ آج صبح سیکٹر 26 کی رہائشی انورا دھا چھیتری زوجہ انوراگ چھیتری نے تھانے میں شکایت درج کرائی۔ شکایت کے مطابق سائبر جعل سازوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور پرانی کرنسی کے بدلے نئے نوٹ فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
اس سلسلے میں بات چیت کے بعد جعل سازوں نے نوٹ تبدیل کرنے کے عوض جی ایس ٹی کے نام پر ان سے آن لائن 41 لاکھ 45 ہزار روپے منتقل کروا لیے۔ پریتی یادو کے مطابق، خاتون جعل سازوں کے جھانسے میں آ گئیں اور ان کے بتائے ہوئے بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کر دی۔ رقم ملنے کے بعد ملزمان نے ان سے رابطہ منقطع کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ریٹائرڈ چیف انجینئر کے بینک اکاؤنٹ سے 6 لاکھ 41 ہزار روپے کی دھوکہ دہی
ڈی سی پی نے بتایا کہ سائبر فراڈ کے ایک دوسرے معاملے میں روی آنند سکسینہ نے گزشتہ رات تھانے میں شکایت درج کرائی۔ ان کی عمر 87 سال ہے۔ شکایت کے مطابق، نامعلوم سائبر جعل سازوں نے ان کی اجازت کے بغیر پنجاب نیشنل بینک کے اکاؤنٹ سے 6 لاکھ 41 ہزار روپے دھوکہ دہی کے ذریعے منتقل کر لیے۔
متاثرہ شخص انڈین ریلوے میں چیف انجینئر کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں اور نوئیڈا کے سیکٹر 168 میں واقع ایک سوسائٹی میں رہتے ہیں۔ ڈی سی پی پریتی یادو نے بتایا کہ اس معاملے میں بھی پولیس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی