
نوادہ، 20 اکتوبر (ہ س)۔ بہار کے نوادہ ضلع کے کواکول تھانہ حلقہ کے تحت ترون گاؤں میں واقع آہر کے پانی سے منگل کے روز پولیس نے ایک نوجوان کی لاش برآمد کی۔ لاش ملنے کی خبر سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ متوفی کی شناخت رجولی تھانہ حلقہ کے لودھوے کانٹی گاؤں کے رہنے والے للیشور پاسوان کے تقریباً 40 سالہ بیٹے امر پاسوان کے طورپرکی گئی ہے۔موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق امرپاسوان کواکول کے درگامندپ محلے میں اپنے ایک رشتہ دار کے یہاں کرایے پررہ کرمزدوری کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اتوارکی شام سے لاپتہ تھا۔ اہل خانہ اورمقامی لوگوں کو اس کی تلاش تھی۔ اسی دوران منگل کے روزترون گاؤں کے آہرمیں اس کی لاش ملنے کی اطلاع سامنے آئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ نوجوان کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے اوراس واقعے میں قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متوفی اپنے پیچھے بیوی، ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑ گیا ہے۔ خاندان کے افراد پر اس حادثے سے غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ متوفی کی بیوی نے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس سے واقعے کی منصفانہ جانچ اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔ فی الحال پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan