شبانہ اعظمی سی جے پی کے احتجاج میں شامل ہوئیں، ووٹ کے حق کے لیے آواز اٹھانے کی اپیل
ممبئی ، 2 اکتور (ہ س) معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے جمعہ کو ممبئی کے شیواجی پارک میں سی جے پی کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے شہریوں سے ووٹ کے حق اور جمہوریت سے متعلق مسائل پر آواز اٹھانے کی اپیل کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ممبئی سے اپنی وا
Politics Maha Shabana Azmi Joins CJP Protest


ممبئی ، 2 اکتور (ہ س) معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے جمعہ کو ممبئی کے شیواجی پارک میں سی جے پی کے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے شہریوں سے ووٹ کے حق اور جمہوریت سے متعلق مسائل پر آواز اٹھانے کی اپیل کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ممبئی سے اپنی وابستگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں ممبئی کی بیٹی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینا آئینی حق ہے اور شہریوں کو اپنے گھروں سے باہر نکل کر سوال پوچھنے اور اپنی آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

شبانہ اعظمی نے کہا کہ یہ ہماری سرزمین ہے اور آئین نے ہمیں ووٹ دینے کا حق دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے حکومت سے سوال پوچھنے اور اپنے جمہوری حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سوال پوچھنا ہمارا حق ہے، اس لیے گھروں سے باہر نکلیں، سوال کریں اور اپنے ووٹ اور جمہوریت کے لیے آواز بلند کریں۔ احتجاج میں شامل ہونے سے قبل بھی انہوں نے ممبئی کے شہریوں سے اس مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی تھی۔ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے ووٹر لسٹوں سے مبینہ طور پر ووٹروں کے نام غائب ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ووٹ کے حق کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

اپنی پوسٹ میں شبانہ اعظمی نے کہا تھا کہ آپ کا ووٹ آپ کا حق اور آپ کی آواز ہے، لیکن اگر ووٹر لسٹ سے آپ کا ووٹ غائب ہوجائے تو کیا ہوگا۔ ان کی یہ اپیل انتخابی فہرستوں اور الیکشن کمیشن کی خصوصی جامع نظرثانی یعنی ایس آئی آر کے سلسلے میں جاری تنازع کے درمیان سامنے آئی۔ سی جے پی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے اور انتخابی عمل میں زیادہ شفافیت کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ممبئی پولیس نے اس سے قبل ٹریفک، شور اور عوامی آمدورفت سمیت مختلف وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے مجوزہ احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا، تاہم منتظمین نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

شبانہ اعظمی اس سے قبل دہلی میں مبینہ نیٹ پیپر لیک بے ضابطگیوں کے خلاف سی جے پی کے زیر اہتمام احتجاج میں بھی شریک ہوچکی ہیں۔ دہلی میں یہ احتجاج کئی ہفتوں تک جاری رہا تھا اور اس دوران مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں پر جواب دہی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سماجی مسائل اور عوامی تحریکوں میں شرکت کے لیے معروف شبانہ اعظمی شہری آزادیوں، سماجی انصاف اور جمہوری حقوق سے متعلق معاملات پر بھی اپنی رائے ظاہر کرتی رہی ہیں۔ جمعہ کو شیواجی پارک میں ان کی موجودگی سے سی جے پی کے احتجاج میں فلمی صنعت کی ایک نمایاں شخصیت بھی شامل ہوگئی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande