
نئی دہلی،2 0 اکتوبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو بھارتی پائلٹ کیپٹن سمِت مچھر سے فون پر بات کی اور ان کی بہادری اور حاضر جوابی کی تعریف کی۔ گفتگو کے دوران کیپٹن مچھر نے وزیر اعظم کو طیارے کے کاک پٹ میں پیش آنے والے خوفناک حالات کے بارے میں بتایا۔ اس دوران وہ جذباتی ہو گئے۔
ویڈیو کال کے دوران کیپٹن مچھر نے بتایا کہ متعدد چوٹیں لگنے کے بعد وہ خود بھی زندگی کی جدوجہد کر رہے تھے، لیکن انہیں اس بات کا احساس تھا کہ طیارے میں سوار تمام مسافروں کی حفاظت کی ذمہ داری بھی ان پر ہے۔ اسی حوصلے کے ساتھ انہوں نے بحرانی صورت حال میں کارروائی کی اور مسافروں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم مودی نے جب ان سے پوچھا کہ اتنی سنگین صورت حال میں انہیں اتنی ہمت کہاں سے ملی تو کیپٹن مچھر نے بتایا کہ درد یا مشکل وقت میں وہ باقاعدگی سے ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے دوران بھی وہ مسلسل ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرتے رہے اور انہیں یقین ہے کہ بھگوان ہنومان نے انہیں مسافروں کی حفاظت کرنے کا حوصلہ دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی سے ویڈیو کال پر گفتگو کے دوران کیپٹن سمِت مچھر جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور طیارے کا دروازہ کھول کر مسافروں کی جان بچانے کی کوشش کی۔
کیپٹن سمِت اپنی آپ بیتی سناتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ ان کی بات سننے کے بعد وزیر اعظم مودی نے ان کی ہمت اور بہادری کی تعریف کی۔
”ہم بھارتی جان لینے والے نہیں، جان بچانے والے لوگ ہیں“
وزیر اعظم مودی نے کیپٹن مچھر کی بہادری اور فوری فیصلہ لینے کی صلاحیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، ”ہم بھارتی کسی کی جان لینے والے لوگ نہیں ہیں، ہم جان بچانے والے لوگ ہیں۔“
وزیر اعظم مودی نے کیپٹن مچھر کی والدہ گیتا کے تئیں بھی احترام کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی پرورش مضبوط ثقافتی اقدار کے ساتھ کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتی کیپٹن سمِت مچھر نے 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے دوران اپنی حاضر جوابی اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے میں سوار تقریباً 180 مسافروں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بحرانی صورت حال کے دوران زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن مچھر نے حالات کو سنبھالنے اور طیارے میں موجود افراد کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ