
امراوتی، 2 اکتوبر (ہ س) مہاراشٹر کے امراوتی ضلع میں دھامن گاؤں ریلوے کے قریب سمردھی مہامارگ پر جمعہ کی علی الصبح ایک ٹرک اور بولیرو پک اپ گاڑی کے درمیان ہونے والے شدید حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی، جبکہ 18 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
حادثہ سمردھی مہامارگ کے چینل نمبر 97 کے قریب اس وقت پیش آیا جب وردھا کے سندھی میگھے علاقے کی عوامی درگا پوجا اتسو سمیتی کے کارکن شیگاؤں سے درگا ماتا کی مورتی لے کر وردھا واپس جا رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق پک اپ گاڑی میں تقریباً 20 سے 25 افراد سوار تھے اور اس میں 14 فٹ اونچی درگا ماتا کی مورتی رکھی گئی تھی۔ مہاراشٹر نمبر کی بولیرو پک اپ کو پیچھے سے آنے والے چھتیس گڑھ نمبر کے 12 پہیوں والے ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پک اپ بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار بعض افراد اچھل کر سڑک کے کنارے جا گرے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 5 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ شدید زخمی ہونے والے مزید 2 افراد علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت گھن شیام پاٹل، پروین بکانے، گولو بادلگوار، اوم گاونڈے، دتاجی کھرسگے، روشن راؤت اور منیشور ڈھولے کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر دھامن گاؤں دیہی اسپتال پہنچایا گیا۔ ابتدائی علاج کے بعد شدید زخمیوں کو وردھا کے ساونگی میں واقع آچاریہ ونوبا بھاوے دیہی اسپتال اور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا، جبکہ ایک زخمی کو مزید علاج کے لیے ناگپور منتقل کیے جانے کی اطلاع ہے۔
حادثے میں بال بال بچنے والے اور اسپتال میں زیر علاج شیوم راؤت نے بتایا کہ گاڑی میں درگا ماتا کی مورتی ہونے کے باعث پک اپ انتہائی کم رفتار سے چل رہی تھی۔ ان کے مطابق گاڑی تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مہامارگ کے ایک کنارے پر چل رہی تھی، اسی دوران پیچھے سے تیز رفتار ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔ راؤت نے بتایا کہ منڈل کے ارکان 28 ستمبر کو شیگاؤں پہنچے تھے اور 30 ستمبر کو مورتی لے کر وردھا کے لیے واپسی کا سفر شروع کیا تھا۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر انتہائی دل خراش منظر تھا۔
معلومات کے مطابق متعلقہ درگا اتسو منڈل کا یہ 8 واں سال ہے۔ منڈل کے ارکان گزشتہ تقریباً 5 برس سے سمردھی مہامارگ کے راستے درگا ماتا کی مورتی لے کر وردھا واپس آتے رہے ہیں۔ اس مرتبہ بھی کارکن تقریباً 14 فٹ اونچی مورتی کے ساتھ وردھا لوٹ رہے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی منگرول دستگیر پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ نکیتن کدم اور دھامن گاؤں کی نگر ادھیکش ارچنا روٹھے نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
زخمیوں میں دنیش پانڈورنگ نانوتے، ساگر منیشور ڈھولے، پرتیک رام داس سرسکار، درگیش یشونت بھسے، انیل ماروتی مسرام، پرنے پربھاکر ڈھولے، یش رویندر ملکاپورے، ستیش کھاڈے، ستیش وسنت راؤت، پون موریشور ڈھولے، نندکشور دیوداس سرسکار، نریندر پرلہاد سویم، نین سدھیر کھانجھوڑ، شیوم وکاس راؤت، دنیش رام کرشن پوہنکر، امت شنکر راؤ ٹھاکرے، امت آڈے اور آریان ویدیہ شامل ہیں۔ ایک ہی علاقے کے متعدد نوجوانوں کی موت کے باعث سندھی میگھے اور آس پاس کے علاقوں میں غم کی لہر ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے