
ارریہ، 19 اکتوبر( ہ س)۔ سیما سشستر بل (ایس ایس بی) کی 56ویں بٹالین کی پھلکاہا سرحدی چوکی اور مقامی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 20.84 گرام اسْمیک اور ہندوستانی و نیپالی کرنسی کے ساتھ ایک مبینہ اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔
ایس ایس بی ہیڈکوارٹر سے موصولہ اطلاع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مانک پور گاؤں میں منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد ایس ایس بی اور پھلکاہا پولیس کی مشترکہ ٹیم نے سرحدی پیلر نمبر 189 سے تقریباً دو کلومیٹر اندر ہندوستانی علاقے میں واقع مانک پور گاؤں میں محاصرہ کرکے چھاپہ ماری کی ۔
کارروائی کے دوران فورس کو دیکھ کر ایک مشتبہ شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اپنے پاس موجود سیاہ پولی تھین دھان کے کھیت میں پھینک دیا۔ حالانکہ سکیورٹی اہلکاروں نے اسے موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے اور پھینکے گئے پولی تھین سے 20.84 گرام اسْمیک، 2,580 روپے ہندوستانی کرنسی، 1,890 روپے نیپالی کرنسی اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔ منشیات کی جانچ سے ضبط شدہ مادے کی تصدیق کی گئی۔
گرفتار ملزم کی شناخت پھلکاہا تھانہ علاقے کے مانک پور گاؤں کے وارڈ نمبر 11 کے رہنے والے 26 سالہ وکاس یادو ولد لکشمی یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے بتایا کہ وہ گاؤں کے ہی ایک دوسرے شخص سے منشیات لاکر مقامی سطح پر فروخت کرتا تھا۔ضروری قانونی کارروائی کے بعد گرفتار ملزم اور ضبط شدہ سامان کو پھلکاہا تھانہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan