
مغربی چمپارن ، 19 اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے بگھاپولیس ضلع کے رام نگر تھانہ علاقے کے تحت سیرہوا دیوراج گاؤں میں مسان ندی کے پل سے اغوا کیے گئے نو سالہ بچے کو پولیس نے بحفاظت بازیاب کرالیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ اغوا کاروں نے بچے کی رہائی کے بدلے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا اور رقم نہ دینے پر بچے کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق 14 اکتوبر کو صبح تقریباً 11 بجے صادق انصاری (9) مسان ندی کے پل پر کھیل رہا تھا۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد مبینہ طور پر اسے بہلا پھسلا کر اغوا کرکے لے گئے۔ بچے کے والدعبد القیس انصاری کی درخواست پر رام نگر تھانے میں مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کی۔
تفتیش کے دوران 17 اور 18 اکتوبر کو فون کے ذریعے بچے کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا۔ اغوا کاروں نے 18 اکتوبر کی شام تاوان کی رقم لے کر بھیٹھیروہ آشرم پہنچنے کو کہا تھا، لیکن وہ وہاں نہیں پہنچے۔پولیس نے سائنسی اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر رام نگر کے نیپالی ٹولہ میں واقع ایک دکان نما کمرے پر چھاپہ مار ی کر کے بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ کارروائی کے دوران محمد نیاز احمد اور افریداخاتون کو گرفتار کیا گیا۔ اس معاملے میں مکی جیسوال اور سلطان عالم کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ اغوا میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل ناصر علی کے پاس سے برآمد کی گئی۔ پولیس نے مجموعی طور پر پانچ ملزمین کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
چھاپہ مار کارروائی کے دوران کمرے کی تلاشی میں ایک دیسی ریوالور اور دو کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ اس سلسلے میں رام نگر تھانے میں آرمس ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے تاوان طلب کرنے اور اغوا کے لیے استعمال کیے گئے موبائل فون کے علاوہ ہیرو گلیمر موٹر سائیکل بھی ضبط کرلی ہے۔اس کارروائی میں رام نگر اور بگھاکے سب ڈویژنل پولیس افسران، مختلف تھانوں کے انچارج، سرکل انسپکٹرز اور ضلع انٹیلی جنس یونٹ کے افسران و اہلکار شامل تھے۔ پولیس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan