
تاریخ میں 19 اکتوبر کا دن کئی اہم سائنسی دریافتوں، سیاسی تبدیلیوں اور تاریخی واقعات کا گواہ رہا ہے۔ نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر سبرامنیم چندر شیکھر (19 اکتوبر 1910ء تا 21 اگست 1995ء) بیسویں صدی کے عظیم ترین ماہرینِ فلکیاتی طبیعیات میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے کائنات کے اسرار، بالخصوص ستاروں کی پیدائش، ارتقا اور اختتام سے متعلق کئی اہم دریافتیں کیں۔ ان کے پیش کردہ نظریۂ ’چندر شیکھر حد‘ نے جدید فلکیات میں بلیک ہولز اور نیوٹران ستاروں کے مطالعے کی راہ ہموار کی۔
تاریخی دستاویزات کے مطابق، ویٹیکن میں پوپ جان پال دوم نے 19 اکتوبر 2003ء کو مدر ٹریسا کو ’مبارک‘ قرار دیا تھا۔ یہ ان کے تقدس کے مرتبے تک پہنچنے کے عمل میں ایک اہم مرحلہ تھا۔ مدر ٹریسا نے بے سہارا اور ضرورت مند افراد کی خدمت کے لیے کولکاتا میں ’مشنریز آف چیریٹی‘ کی بنیاد رکھی تھی۔
اہم تاریخی واقعات
1469ء: اراگون کے فرڈینینڈ اور کاستیل کی ازابیلا کی شادی ہوئی۔ اس شاہی اتحاد نے آگے چل کر جدید اسپین کے اتحاد کی بنیاد رکھی۔
1689ء: اورنگ زیب کی فوج نے مراٹھا سلطنت کے قلعۂ رائے گڑھ پر قبضہ کرلیا۔
1774ء: انگلینڈ کی سپریم کورٹ کے ججوں اور کونسل کے ارکان پر مشتمل ایک وفد کلکتہ (موجودہ کولکاتا) پہنچا۔
1781ء: برطانوی فوج کے کمانڈر لارڈ کارنوالس نے امریکی جنرل جارج واشنگٹن کے سامنے ورجینیا کے شہر یارک ٹاؤن میں ہتھیار ڈال دیے۔ اس واقعے نے امریکی جنگِ آزادی کے خاتمے کی راہ ہموار کی۔
1812ء: روس پر حملے کے بعد شدید سردی اور رسد کی قلت کے باعث نپولین بوناپارٹ نے ماسکو سے اپنی فوج کی واپسی شروع کردی۔ یہ فوجی مہم نپولین کے زوال کی اہم وجوہات میں شامل ہوئی۔
1847ء: انگریزی ادب کی نامور مصنفہ شارلٹ برونٹے کا مشہور ناول ’جین آئر‘ پہلی مرتبہ ’کرر بیل‘ کے قلمی نام سے شائع ہوا۔
1900ء: جرمن سائنس دان میکس پلانک نے طبیعیات کا معروف ’قانونِ پلانک‘ پیش کیا، جو بعد میں کوانٹم نظریے کی بنیاد بنا۔
1910ء: بھارت کے عظیم ماہرِ فلکیاتی طبیعیات اور 1983ء کے نوبیل انعام یافتہ سائنس دان، جنہوں نے ستاروں کے ارتقا اور ’چندر شیکھر حد‘ کے نظریے پر اہم کام کیا سبرامنیم چندر شیکھر کی پیدائش ۔
1911ء: اردو کے معروف ترقی پسند شاعر مجاز لکھنوی کی پیدائش۔
1914ء: بیلجیم کے علاقے فلینڈرز میں ’پہلی جنگِ یپریس‘ کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد اتحادی افواج اور جرمن فوج کے درمیان خندقوں کی جنگ شدت اختیار کرگئی۔
1943ء: رٹگرز یونیورسٹی کے محققین البرٹ شاٹز اور سیلمین واکس مین نے اینٹی بایوٹک دوا ’اسٹریپٹومائسن‘ دریافت کی، جو تپِ دق کے علاج میں انقلابی پیش رفت ثابت ہوئی۔
1950ء: مدر ٹریسا نے کولکاتا میں بے سہارا اور بیمار افراد کی خدمت کے لیے ’مشنریز آف چیریٹی‘ قائم کی۔
1952ء: مجاہدِ آزادی پوٹی سری راملو نے مدراس ریاست سے الگ تیلگو زبان بولنے والوں کے لیے ’آندھرا ریاست‘ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال شروع کی۔
1953ء: رے بریڈبری کا مشہور ڈسٹوپیائی ناول ’فارن ہائٹ 451‘ پہلی مرتبہ شائع ہوا۔
1960ء: شہری حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے امریکی رہنما ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کو اٹلانٹا میں ایک پُرامن احتجاج کے دوران گرفتار کیا گیا۔
1970ء: بھارت میں تیار کردہ میگ-21 لڑاکا طیارے کو بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا۔
1987ء: نیویارک کی وال اسٹریٹ اسٹاک مارکیٹ میں شدید گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ یہ واقعہ ’بلیک منڈے‘ کے نام سے مشہور ہوا اور اس کے اثرات دنیا بھر کی معیشت پر مرتب ہوئے۔
1993ء: بے نظیر بھٹو نے دوسری مرتبہ پاکستان کی وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
2003ء: ویٹیکن سٹی میں پوپ جان پال دوم نے مدر ٹریسا کو ’مبارک‘ قرار دیا۔ یہ انہیں مقدس قرار دیے جانے کے عمل کا ایک اہم مرحلہ تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی