تاریخ کے صفحات میں18 اکتوبر: بدنام زمانہ صندل کی لکڑی کا اسمگلر ویرپن اپنے انجام کو پہنچا
18 اکتوبر 2004 کو پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس نے ایک کارروائی کے دوران ویرپن کو ہلاک کیا، اس پر 180 سے زائد افراد کے قتل اور صندل کی لکڑی کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کے الزامات تھے۔ہندوستان کی تاریخ میں 18 اکتوبر کو پیش آنے والے اہم واقعات میں بدنام زمان
تاریخ کے صفحات میں18 اکتوبر: بدنام زمانہ صندل کی لکڑی کا اسمگلر ویرپن اپنے انجام کو پہنچا


18 اکتوبر 2004 کو پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس نے ایک کارروائی کے دوران ویرپن کو ہلاک کیا، اس پر 180 سے زائد افراد کے قتل اور صندل کی لکڑی کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کے الزامات تھے۔ہندوستان کی تاریخ میں 18 اکتوبر کو پیش آنے والے اہم واقعات میں بدنام زمانہ صندل کی لکڑی کے اسمگلر اور ڈاکوؤں کے سرغنہ ویرپن کا خاتمہ نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ہندوستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی تاریخ کے اہم ترین آپریشنز میں سے ایک تھا۔

کوجے منیسوامی ویرپن، جسے عام طور پر ویرپن کے نام سے جانا جاتا تھا، ہندوستان کا بدنام زمانہ صندل کی لکڑی کا اسمگلر، ہاتھی دانت کا شکاری اور ڈاکوؤں کا سرغنہ تھا۔ وہ تقریباً تین دہائیوں تک تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ کے گھنے جنگلات، بالخصوص ستیمَنگلم کے جنگلات میں سرگرم رہا۔ اس پر 180 سے زائد افراد کے قتل کا الزام تھا، جن میں کئی پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کے ملازمین بھی شامل تھے۔ اس نے بڑی تعداد میں ہاتھیوں کا شکار کیا اور کروڑوں روپے مالیت کی صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ کی۔ اسے گرفتار کرنے کے لیے دونوں ریاستوں کی حکومتوں نے کروڑوں روپے خرچ کیے تھے۔18 اکتوبر 2004 کی رات تمل ناڈو پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے، جس کی قیادت وجے کمار کر رہے تھے، ایک خفیہ آپریشن شروع کیا۔ ویرپن آنکھوں کی بیماری میں مبتلا تھا اور علاج کے لیے اسے جنگل سے باہر آنا پڑا۔ ایس ٹی ایف کے ایک اہلکار نے ایمبولینس ڈرائیور کا بھیس اختیار کرکے اس کے گروہ میں رسائی حاصل کی۔جب ویرپن اور اس کے ساتھی دھرم پوری ضلع کے پاپراپٹی گاؤں کے قریب ایک اسکول کے سامنے کھڑی ایمبولینس میں سوار ہوئے تو پولیس نے انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا۔ خودسپردگی کی وارننگ نظرانداز کرتے ہوئے جب اسمگلروں نے فائرنگ شروع کی تو پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ اس تصادم میں ویرپن اور اس کے تین ساتھیوں سیتھوکلی گووندن، چندر گوڑا اور ایلاموروگن ہلاک ہوگئے۔

تاریخی واقعات

1386: جرمنی میں ہائیڈل برگ یونیورسٹی قائم کی گئی۔

1867: امریکہ نے روس سے الاسکا خریدا، جس کے بعد یہ امریکی علاقے کا حصہ بن گیا۔

1906: ہندوستان کے ممتاز سماجی مصلح وٹھل رام جی شندے نے بمبئی (ممبئی) میں ’ڈپریسڈ کلاسز مشن‘ کی بنیاد رکھی۔

1922: برطانیہ میں برٹش براڈکاسٹنگ کمپنی (بی بی سی) قائم ہوئی۔

1947: برطانیہ اور برما(موجودہ میانمار) کے درمیان برما کو آزادی دینے سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوئے۔

1972: ہندوستان کے پہلے کثیرالمقاصد ہیلی کاپٹر ایس اے 315 (لاما) کا بنگلورو میں کامیاب تجربہ کیا گیا۔

1980: ہندوستان میں پہلی ہمالین کار ریلی منعقد ہوئی۔

1989: مشرقی جرمنی کے کمیونسٹ رہنما ایرک ہونیکر کو 18 سالہ اقتدار کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

1991: آذربائیجان کی سپریم کونسل نے سوویت یونین سے آزادی کا باضابطہ اعلان کیا۔

1998: ہندوستان اور پاکستان جوہری خطرات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے پر متفق ہوئے۔

2004: بدنام زمانہ صندل کی لکڑی کا اسمگلر اور ڈاکوؤں کا سرغنہ ویرپن تمل ناڈو اور کرناٹک کی مشترکہ ٹاسک فورس کے ساتھ تصادم میں مارا گیا۔

2007: پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو آٹھ سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئیں۔ کراچی میں ان کی ریلی کے دوران بڑا خودکش حملہ ہوا۔

پیدائش

1925: این ڈی تیواری، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ اور سینئر کانگریسی رہنما۔

1926: چک بیری، راک اینڈ رول موسیقی کے بانیوں میں شمار ہونے والے مشہور امریکی گلوکار۔

1950: اوم پوری، ہندوستانی سنیما کے ممتاز اور ہمہ جہت اداکار۔

1956: مارٹینا ناوراتیلووا، ٹینس کی تاریخ کی عظیم ترین خواتین کھلاڑیوں میں سے ایک

موت

1931: تھامس ایڈیسن، بجلی کے بلب، فونوگراف اور موشن پکچر کیمرے کے مشہور امریکی موجد۔

1996: رام کرشن کھتری، ہندوستان کے اہم مجاہدین آزادی اور انقلابیوں میں سے ایک۔

2008: ای کے مالونگ، میگھالیہ کے سابق وزیراعلیٰ

2013:راؤری بھاردواج، تیلگو زبان کے معروف ناول نگار، شاعر اور مصنف۔

2018: این ڈی تیواری، ہندوستان کے سینئر سیاست داں، جن کا انتقال ان کی 93ویں سالگرہ کے روز ہوا۔

2021:کولن پاول، امریکہ کے پہلے سیاہ فام وزیر خارجہ اور سابق فوجی جنرل

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande