
نئی دہلی، 16 اکتوبر (ہ س)۔ روہنی ضلع پولیس کی اسپیشل اسٹاف ٹیم نے کوکین کی اسمگلنگ اور سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 168 گرام کوکین، 35,900 روپے نقد، وزن کرنے والی مشینیں اور منشیات کی پیکنگ میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، روہنی ضلع میں منشیات کی غیر قانونی فروخت اور اسمگلنگ پر روک لگانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اسی دوران روہنی ضلع اسپیشل اسٹاف کو کوکین کی سپلائی سے وابستہ نیٹ ورک کے بارے میں اطلاع ملی۔ تفتیش کے دوران سامنے آنے والے حقائق اور ملزمان سے حاصل معلومات کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کیا۔
اس معاملے میں پوچھ گچھ اور مزید تفتیش کے دوران ملنے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس نے سپلائی نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش شروع کی۔ پولیس ٹیم نے 9 اکتوبر کو مزید تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 151 گرام کوکین، 35,300 روپے نقد، وزن کرنے والی مشینیں اور پیکنگ کا سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 168 گرام کوکین اور 35,900 روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ کوکین کی پیکنگ میں استعمال ہونے والے پلاسٹک کے پیکٹ، چپکانے والی ٹیپ، لائٹر اور وزن کرنے والی مشینیں بھی ضبط کی گئی ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نائجیریا کے اوکولی ایفی چوک وو برائٹ، یوگنڈا کی نسیمہ امینہ عرف نالوبیگا مریم، نائجیریا کے اوچی چوک وو جان اور سینیگال کے سین فائے کے طور پر ہوئی ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 17 ستمبر کو جنوبی روہنی تھانے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اس معاملے میں سین فائے (33) کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے قبضے سے 17 گرام کوکین برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے ایک ٹی وی ایس این ٹورک اسکوٹی، موبائل فون اور 600 روپے نقد بھی ضبط کیے تھے۔
پولیس اب یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ملزمان کو کوکین کہاں سے ملتی تھی اور وہ اسے کن لوگوں تک پہنچاتے تھے۔ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کے کردار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد