
آرہ، 15 اکتوبر(ہ س)۔ بہار کے بھوجپور ضلع کے آرا میں جمعرات کی صبح جرائم پیشوں نے ایک ریٹائرڈ کسٹم افسر رام کمار سنگھ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہ صبح کی سیر کے لیے گھر سے نکلے تھے، اسی دوران جین کالج کے قریب حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں چھ سے سات گولیاں ماری گئیں۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ملزمین موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ شہر کے مصروف علاقے میں صبح کے وقت پیش آنے والے اس قتل نے امن و امان کی صورت حال پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق رام کمار سنگھ روزانہ صبح کی سیر کے لیے گھر سے نکلتے تھے۔ ان کا راستہ بھی تقریباً طے تھا۔ وہ جین کالج کے قریب سے ہوتے ہوئے رمنا میدان کی طرف جاتے تھے۔ جمعرات کی صبح بھی وہ معمول کے مطابق اسی راستے سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران جین کالج کے سامنے جرائم پیشوں نے انہیں گھیر لیا اور ان پر اندھا دھنگ گولیاں چلائیں۔ گولیاں لگنے سے ان کی موت ہو گئی۔ واردات کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
رام کمار سنگھ محکمہکسٹم سے ریٹائر ہوئے تھے۔ ملازمت سے سبکدوشی کے بعد بھی وہ سماجی سرگرمیوں میں سرگرم رہتے تھے۔ وہ روٹری کلب کے سابق سکریٹری رہ چکے تھے اور فی الحال بھی کلب کے رکن تھے۔ اس کے علاوہ ان کا تعلق ایک کشتریہ تنظیم سے بھی بتایا جاتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق قتل کے پیچھے زمین کا تنازع ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متوفی کی اہلیہ اور بیٹے نے بھی زمین کے تنازع کی بات کہی ہے۔ حالانکہ قتل کی اصل وجہ کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہے۔ پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ رام کمار سنگھ کا زمین کو لے کر کن لوگوں سے تنازع تھا اور کیا انہیں پہلے کسی طرح کی دھمکی دی گئی تھی۔
صدر ایس ڈی پی او-1 سشیل کمار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر زمین کے تنازع میں قتل کیے جانے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ متوفی کے بیٹے اور اہلیہ نے بھی زمین کے تنازع کی اطلاع دی ہے۔ پولیس معاملے میں کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانچ میں سامنے آنے والے حقائق کے مطابق مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔
پولیس حملہ آوروں کی شناخت، ان کی گرفتاری اور قتل کے اصل اسباب کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan