
نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س):۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ گزشتہ 25 برسوں کے دوران حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے جمہوریت کی دو طاقتوں پر ان کا یقین مسلسل مضبوط ہوا ہے۔ یہ دو طاقتیں ملک کے عوام اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت ہیں۔ انہوں نے کہا، ”میں ہمیشہ ریاست کی ترقی کے ذریعے ملک کی ترقی کے منتر کو لے کر آگے بڑھا ہوں۔“
وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو تمل ناڈو کے دورے پر چنئی پہنچے۔ انہوں نے پہلے چنئی میٹرو میں پورور بائی پاس اسٹیشن سے پوناملّی بائی پاس اسٹیشن تک سفر کیا اور پھر واپس لوٹے۔ اس کے بعد انہوں نے جل کنڈیشور مندر میں درشن اور پوجا کی۔ پھر وہ آئی آئی ٹی مدراس میں قائم دماغی مرکز (برین سینٹر) کا دورہ کرنے پہنچے۔
وزیراعظم نے 13 ہزار کروڑ روپے سے زائد لاگت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا، کئی منصوبوں کا افتتاح کیا اور بعض منصوبے قوم کے نام وقف کیے۔ اس کے بعد انہوں نے ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اپنی ثقافتی وراثت سے تحریک حاصل کرتے ہوئے سائنس کی ترقی اور جدید بنیادی ڈھانچے کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے آج تمل ناڈو میں 13 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں سے نقل و حمل، صنعت اور تجارت کو تقویت ملے گی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہتر نقل و حمل کے لیے صرف سڑکوں کو چوڑا کرنا کافی نہیں ہے، بلکہ جدید شہروں میں بنیادی ڈھانچے کی جامع ترقی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت گزشتہ ایک دہائی میں ملک بھر میں میٹرو نیٹ ورک کو وسعت دی گئی ہے۔ سال 2014 میں ملک کے صرف پانچ شہروں میں میٹرو خدمات دستیاب تھیں، جب کہ اب 25 شہروں میں میٹرو چل رہی ہے۔
مودی نے کہا کہ تمل ناڈو کے لیے آج کا دن تاریخی ہے۔ تقریباً 13 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے تحت کئی مکمل ہو چکے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے اور نئے منصوبوں کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ ان سے روزانہ کی آمدورفت آسان ہوگی، صنعت اور تجارت کو فروغ ملے گا اور ریاست کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مندروں سے لے کر میٹرو تک تمل ناڈو کے تجربات ہندوستان کی روح کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہندوستان اپنی ثقافتی وراثت سے تحریک حاصل کرتا ہے اور سائنس کی ترقی کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔ جدید بنیادی ڈھانچہ نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ ملک کی تہذیبی وراثت اور مستقبل کی امنگیں ساتھ ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی مضبوط کیا جا رہا ہے، تاکہ سمندری نقل و حمل کے شعبے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔ مرکزی حکومت تقریباً 17 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے توتیکورن میں واقع وی او چدمبرنار بندرگاہ کو عالمی معیار کی بڑی کنٹینر بندرگاہ اور گرین انرجی مرکز کے طور پر ترقی دے رہی ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ بندرگاہ دنیا کے انتہائی بڑے کنٹینر بردار جہازوں کو سنبھالنے کے قابل ہو جائے گی۔ اس سے تمل ناڈو کو صنعت اور نقل و حمل کے عالمی مرکز کے طور پر ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چند روز قبل ہی انہیں ملک کے عوام کی دعاو¿ں اور محبت کے نتیجے میں حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے 25 سال مکمل کرنے کا موقع ملا ہے۔ اکتوبر 2001 میں وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد انہیں وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کی حیثیت سے ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ان 25 برسوں کے دوران جمہوریت کی دو طاقتوں، یعنی ملک کے عوام اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت پر ان کا یقین مسلسل مضبوط ہوا ہے۔ وہ ہمیشہ ریاست کی ترقی کے ذریعے ملک کی ترقی کے اصول کے ساتھ آگے بڑھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کا دوسرا سب سے بڑا موبائل فون تیار کرنے والا ملک ہے۔ سال 2014 کے بعد سے ملک کی الیکٹرانکس برآمدات میں 11 گنا اضافہ ہوا ہے، جب کہ دفاعی شعبے کی برآمدات 50 گنا بڑھ گئی ہیں۔ انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات نے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق، مینوفیکچرنگ کے شعبے میں اس ترقی کے نتیجے میں ملک کے نوجوانوں کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ طور پر روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کے شعبے کی ترقی میں تمل ناڈو کے عوام نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ