ہندوستان اور ویسٹ انڈیز ٹی-20 میچ کے لیے اندور پہنچیں دونوں ٹیمیں، کھلاڑیوں کی ایک جھلک پانے کے لیے مداحوں کا ہجوم لگا
ہندوستان اور ویسٹ انڈیز ٹی-20 میچ کے لیے اندور پہنچیں دونوں ٹیمیں، کھلاڑیوں کی ایک جھلک پانے کے لیے مداحوں کا ہجوم لگا اندور، 10 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں اتوار کو ہونے والے ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی-20 مقابلے کو لے کر شہر
اندور میں ایئرپورٹ سے باہر آتے ہوئے کھلاڑی


ہندوستان اور ویسٹ انڈیز ٹی-20 میچ کے لیے اندور پہنچیں دونوں ٹیمیں، کھلاڑیوں کی ایک جھلک پانے کے لیے مداحوں کا ہجوم لگا

اندور، 10 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور میں اتوار کو ہونے والے ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی-20 مقابلے کو لے کر شہر میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہولکر اسٹیڈیم کے باہر دکانوں پر ٹیم انڈیا کی جرسی، ٹی شرٹ اور کیپس سج گئی ہیں۔ دونوں ٹیمیں ہفتہ کے روز اندور پہنچ گئی ہیں۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز کا تیسرا مقابلہ اتوار کو اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ اس کے لیے ہفتہ کی دوپہر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی چارٹرڈ فلائٹ سے اندور پہنچے۔

ایئرپورٹ پر ایم پی سی اے کے عہدیداران نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ کھلاڑیوں کو قریب سے دیکھنے کے لیے ایئرپورٹ پر مداحوں اور کرکٹ شائقین کی بھیڑ امڈ پڑی۔ ایئرپورٹ سے باہر نکلتے وقت کھلاڑیوں نے بھی ہاتھ ہلا کر ان کا خیرمقدم کیا۔ کرکٹ شائقین خاص طور پر ویبھو سوریہ ونشی اور شبھمن گل کو دیکھنے آئے تھے۔ ایئرپورٹ سے کھلاڑیوں کو سخت سیکورٹی کے درمیان چارٹرڈ بسوں کے ذریعے ہوٹل لے جایا گیا۔ ہندوستانی ٹیم ریڈیسن اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم میریٹ ہوٹل میں ٹھہری ہے۔ ایئرپورٹ سے ایک کار میں گوتم گمبھیر اور کپتان شریس ایر براہِ راست ہولکر اسٹیڈیم گئے، جبکہ تلک ورما، ایشان کشن، سنجو سیمسن، مینک یادو سمیت دیگر کھلاڑی ہوٹل پہنچے۔

ہوٹل کے باہر بھی مداحوں کی بھیڑ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لیے موجود تھی۔ ہوٹل کے ملازمین نے تلک لگا کر دونوں ٹیموں کا استقبال کیا۔ اس کے بعد کھلاڑی اپنے اپنے کمروں میں چلے گئے۔ اس بار ہندوستانی ٹیم میں اندور کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے لیکن اندور کے امپائر نتن مینن ہندوستان اور ویسٹ انڈیز مقابلے میں تھرڈ امپائر کے طور پر اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔ اسٹیڈیم کے باہر ہفتہ کے روز ہندوستانی ٹیم کی ٹی شرٹ اور لوگو فروخت ہوئے۔ اس کے علاوہ، ٹکٹ کے لیے بھی لوگ اسٹیڈیم کے ارد گرد چکر لگاتے نظر آئے۔ ویب سائٹ پر اسٹیڈیم کے زیادہ تر ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، اب آف لائن ٹکٹ کے لیے افراتفری مچی ہوئی ہے۔

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی مشق کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بلے بازوں کی نیٹ پریکٹس کے لیے میدان کے باہر امے کھراسیا اکیڈمی میں دو پچیں تیار کی گئی ہیں۔ انہیں ہولکر اسٹیڈیم کی پچوں کے مساوی حالات فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے، تاکہ بلے بازوں کو پریکٹس کے دوران میچ جیسی صورتِ حال مل سکے۔ اس کے علاوہ ہولکر اسٹیڈیم کے اندر گیند بازوں کی پریکٹس کے لیے بھی دو الگ پچیں تیار کی گئی ہیں۔ ضرورت کے مطابق کھلاڑی ان کا استعمال کر سکتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے لیے کوئی لازمی باضابطہ پریکٹس سیشن مقرر نہیں ہے۔ ایسی صورت میں پریکٹس کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ اپنی سہولت کے مطابق لیں گے۔

اندور میں کھیلے گئے اب تک کے تمام میچ سنسنی خیز رہے ہیں۔ ہولکر اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کے موافق مانی جاتی ہے۔ یہاں کئی مقابلوں میں بڑے اسکور بنے ہیں۔ ایسے میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی-20 میچ میں بھی بلے بازوں کی کارکردگی کے ساتھ گیند بازوں کی حکمت عملی اور دوسری اننگز کے حالات اہم رہیں گے۔ میدان کی تیاری میں گھاس اور دیگر تکنیکی انتظامات پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ معلومات کے مطابق، میدان پر خاص قسم کی گھاس اگائی گئی ہے، جس کا مقصد شبنم (اوس) کے اثر کو کم کرنا ہے۔

رات کے ٹی-20 مقابلوں میں اوس گیند بازوں کے لیے چیلنج بن سکتی ہے کیونکہ گیلی گیند پر قابو پانا مشکل ہوتا ہے۔ تاہم، گھاس کی وجہ سے اوس کا اثر کتنا کم ہوگا، اس کا دارومدار میدان کے حقیقی حالات پر ہوگا۔ ہندوستان کے اعلان کردہ اسکواڈ میں سنجو سیمسن، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، شریس ایر، ایشان کشن، شیوم دوبے، ابھیشیک شرما، ارشدیپ سنگھ، تلک ورما، روی بشنوئی، نتیش کمار ریڈی، مینک یادو، نمن دھیر، پرنس یادو اور ویبھو سوریہ ونشی کے نام شامل ہیں۔

ہولکر اسٹیڈیم کا نام مراٹھا ہولکر خاندان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ اس کا قیام 1990 میں عمل میں آیا تھا۔ مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کی ملکیت اور انتظام والے اس اسٹیڈیم میں شائقین کی گنجائش تقریباً 30 ہزار بتائی جاتی ہے۔ فلڈ لائٹس اور نکاسیِ آب کا انتظام اسے بین الاقوامی کرکٹ کے اہم میدانوں میں شامل کرتا ہے۔

یہاں بین الاقوامی کرکٹ کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ کے کئی مقابلے منعقد ہو چکے ہیں۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2016 میں یہاں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہولکر اسٹیڈیم ہندوستان کا 22 واں ٹیسٹ وینیو بنا۔ سال 2017 میں یہاں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی-20 بین الاقوامی مقابلے بھی کھیلے گئے۔

ہولکر اسٹیڈیم میں بڑے اسکور کی ایک تاریخ رہی ہے۔ دسمبر 2011 میں ویریندر سہواگ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے مقابلے میں 219 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اس وقت یہ ون ڈے کرکٹ کی دوسری ڈبل سنچری تھی۔ بعد میں روہت شرما نے 264 رنوں کی اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande