
ناگویا، یکم اکتوبر (ہ س)۔
ہندوستانی پہلوان نتیش سواچ نے ایشیائی کھیلوں میں مردوں کے 97 کلوگرام گریکو-رومن زمرے میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ طلائی تمغے کے مقابلے میں نتیش کو جاپان کے یوری ناکازاتو کے خلاف 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس چاندی کے تمغے کے ساتھ نتیش ایشیائی کھیلوں کی گریکو-رومن کشتی میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی پہلوان بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ہندوستان نے اس زمرے میں ایشیائی کھیلوں کے دوران محض چار کانسے کے تمغے جیتے تھے۔
گریکو-رومن کشتی میں ایشیائی کھیلوں کے طلائی تمغے کے لیے ہندوستان کا انتظار تاحال جاری ہے۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ 1962 کے جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں اس طرز کی کشتی میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اس ایڈیشن میں مالوا نے 52 کلوگرام زمرے اور گنپت اندھالکر نے 97 کلوگرام سے زائد کے زمرے میں طلائی تمغے حاصل کیے تھے۔
نتیش نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک کا سفر طے کیا تھا۔ تاہم، طلائی تمغے کے مقابلے میں جاپانی پہلوان ناکازاتو نے انہیں 4-0 سے ہرا کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ نتیش کو چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا لیکن ان کی یہ کامیابی ہندوستانی گریکو-رومن کشتی کی تاریخ میں ایک اہم باب بن گئی ہے۔
ہریانہ کے سونی پت کے گاوں جکھسی سے تعلق رکھنے والے نتیش نے 2012 میں پرتاپ اسپورٹس اسکول سے کشتی کا آغاز کیا تھا۔ ان کے والد دودھ بیچنے کا کام کرتے ہیں اور بیٹے کو ایک کامیاب پہلوان کے روپ میں دیکھنے کا ان کا خواب ہمیشہ سے نتیش کے لیے تحریک کا ذریعہ رہا ہے۔
نتیش نے 2022 کی انڈر-23 ورلڈ ریسلنگ چیمپیئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے 2023 انڈر-23 ایشین چیمپیئن شپ میں کانسے، 2024 انڈر-23 ایشین چیمپیئن شپ میں چاندی اور 2025 کی سینئر نیز انڈر-23 ایشین چیمپیئن شپ میں چاندی کے تمغے حاصل کیے۔ 2026 کی سینئر ایشین ریسلنگ چیمپیئن شپ میں بھی انہوں نے چاندی کا تمغہ جیت کر اپنی مسلسل پیش رفت جاری رکھی۔
اس چاندی کے تمغے کے ساتھ ہندوستان نے اب تک 64 تمغے حاصل کر لیے ہیں اور وہ تمغوں کی جدول میں آٹھویں مقام پر برقرار ہے۔ ان 64 تمغوں میں 10 طلائی، 23 چاندی اور 31 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن