
ناگویا، یکم اکتوبر (ہ س)۔
ایشین گیمز 2026 میں بھارت کی تمغوں کی مہم کے لیے جمعرات کا دن شاندار رہا۔ بھارت نے آج دو چاندی اور تین کانسی سمیت مجموعی طور پر 5 تمغے جیتے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت مجموعی طور پر 65 تمغوں کے ساتھ تمغوں کی فہرست میں آٹھویں مقام پر برقرار ہے۔ بھارت کے کھاتے میں اب 10 طلائی، 23 چاندی اور 32 کانسی کے تمغے ہیں۔
بھارت کے لیے دن کا پہلا تمغہ خواتین کی اسکواش ٹیم نے جیتا۔ اناہت سنگھ، تنوی کھنہ اور جوشنا چنپا کی ٹیم کو سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں اسے کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
مردوں کی اسکواش ٹیم نے بھی سیمی فائنل میں ملیشیا کے خلاف 1-2 سے شکست کے بعد کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کی ٹیم میں ابھے سنگھ، ویلاون سینتھل کمار اور ویر چوٹ رانی شامل تھے۔
کشتی رانی کے مردوں کے اسکیف مقابلے میں پرائس نوبل اور منو فرانسس نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ دونوں کھلاڑی چین کے بعد دوسرے مقام پر رہے۔
تیر اندازی میں گنیش منی رتنم تھیرومورو نے مردوں کے کمپاو¿نڈ انفرادی مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
کشتی میں نیتیش نے مردوں کے 97 کلوگرام گریکو رومن زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ یہ دن کا بھارت کا دوسرا چاندی کا تمغہ تھا۔ اس کے ساتھ بھارت کے چاندی کے تمغوں کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی۔
تمغوں کی فہرست میں چین 152 طلائی، 71 چاندی اور 62 کانسی سمیت مجموعی طور پر 285 تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جاپان 58 طلائی، 78 چاندی اور 79 کانسی سمیت 215 تمغوں کے ساتھ دوسرے، جبکہ جمہوریہ کوریا 30 طلائی، 30 چاندی اور 52 کانسی سمیت 112 تمغوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
ازبکستان 16 طلائی، 21 چاندی اور 19 کانسی سمیت 56 تمغوں کے ساتھ چوتھے اور ایران 12 طلائی، 16 چاندی اور 13 کانسی سمیت 41 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر ہے۔
بھارت 10 طلائی، 23 چاندی اور 32 کانسی سمیت مجموعی طور پر 65 تمغوں کے ساتھ آٹھویں مقام پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ