
ممبئی، یکم اکتوبر (ہ س)۔ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی جوڑی ایک بار پھر پردے پر نظر آنے والی ہے۔ شادی کے بعد دونوں پہلی بار کسی فلم میں ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔ ان کی آئندہ فلم ’تو ہے میری کرن‘ کا پہلا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ کرن راول کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم رومانٹک تھریلر ہے۔ پوسٹر کے ساتھ فلم میکرز نے اس کی ریلیز کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
پوسٹر میں سوناکشی سنہا انتہائی سادہ اور معصوم انداز میں نظر آ رہی ہیں، جبکہ ظہیر اقبال ان کے سامنے قدرے مختلف اور جنونی تیور میں دکھائی دے رہے ہیں۔ دونوں کے لک نے فلم کی کہانی کو لے کر تجسس بڑھا دیا ہے۔ پوسٹر سے اشارہ ملتا ہے کہ فلم محبت، کشش اور جنون کے درمیان الجھے پیچیدہ جذبات کو تھریلر کے انداز میں پیش کرے گی۔ وشال رانا، سرویش گوئل، اشونی کمار، منوج درک اور نریپال پٹیل فلم کے پروڈیوسر ہیں۔
’تو ہے میری کرن‘ سوناکشی اور ظہیر کی ایک ساتھ دوسری فلم ہوگی۔ اس سے قبل دونوں 2022 میں ریلیز ہونے والی ’ڈبل ایکس ایل‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ کرن راول نے فلم کی کہانی لکھنے کے ساتھ اس کی ہدایت کاری بھی کی ہے۔ شادی کے بعد اس جوڑی کو بڑے پردے پر ایک ساتھ دیکھنے کا ناظرین کو انتظار ہے۔ ’تو ہے میری کرن‘ 23 اکتوبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد