
تاریخ کے آئینے میں 02 اکتوبر : مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کو یاد کرنے کا دن
ہندوستان کی تاریخ میں 02 اکتوبر کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہ دن ملک کے دو عظیم رہنماوں، مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کی طرح 02 اکتوبر کا شمار بھی ملک کے اہم ترین قومی مواقع میں ہوتا ہے۔
مہاتما گاندھی 02 اکتوبر 1869 کو گجرات کے پوربندر میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے ہندوستان کی تحریک آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سچائی اور عدم تشدد پر مبنی ان کے افکار و نظریات کے اثرات ہندوستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے کئی خطوں میں دیکھے گئے۔ بابائے قوم گاندھی جی کے افکار آج بھی عوام کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اسی دن 1904 میں ملک کے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی پیدائش ہوئی تھی۔ اپنی سادگی، انکساری اور مضبوط قیادت کے لیے جانے جانے والے شاستری جی نے ملک کے نازک اور کٹھن دور میں اہم کردار ادا کیا۔ سال 1965 کی پاک-ہند جنگ کے دوران ان کا دیا گیا تاریخ ساز نعرہ ’جے جوان، جے کسان‘ آج بھی ملک میں یاد کیا جاتا ہے۔
دیگر اہم واقعات:
1492 - برطانیہ کے کنگ ہنری ہفتم نے فرانس پر حملہ کیا۔
1924 - نامور فلم ڈائریکٹر تپن سنہا کی پیدائش۔
1929 - گاندھی جی نے نوجیون دفتر کو ایک عوامی ٹرسٹ میں تبدیل کیا۔
1933 - ہندی کے معروف ڈرامہ نگار اور فلمی کہانی نویس شنکر شیش کی پیدائش۔
1942 - معروف فلمی اداکارہ آشا پاریکھ کی پیدائش۔
1951 - شیاما پرساد مکھرجی نے بھارتیہ جن سنگھ کا قیام کیا۔
1955 - مدراس کے پیرمبور میں انٹیگرل کوچ فیکٹری نے ٹرین کا پہلا ڈبہ تیار کیا۔
1961 - بمبئی (اب ممبئی) میں شپنگ کارپوریشن آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا۔
1968 - میکسیکو سٹی میں منعقد ہونے والے اولمپک کھیلوں کے آغاز سے قبل طلبہ کی خونی تحریک۔ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں 25 افراد ہلاک۔
1971 - اس وقت کے صدر جمہوریہ وی وی گری نے گاندھی سدن کے نام سے معروف برلا ہاوس قوم کے نام وقف کیا۔ یہیں مہاتما گاندھی کو شہید کیا گیا تھا۔
1982 - تہران میں بم دھماکے سے 60 ہلاک، 700 زخمی ہوئے۔
1985 - جہیز انسداد ترمیمی قانون نافذ العمل ہوا۔
1988 - کوریا کے سیول میں 24 ویں اولمپک کھیلوں کا اختتام۔
1990 - چین کے گوانگژو بائیون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہائی جیک شدہ طیارہ دو دیگر طیاروں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 128 افراد ہلاک ہوئے۔
2000 - روس کے صدر ولادیمیر پوتن چار روزہ دورے پر ہندوستان کے دارالحکومت دہلی پہنچے۔
2003 - ہنگری کے وزیر اعظم پیٹر میڈگیسی ہندوستان کے دورے پر آئے۔
2004 - اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کانگو میں 5900 فوجی بھیجنے کی قرارداد منظور کی۔
2006 - جنوبی افریقہ نے نیوکلیئر فیول سپلائی کے معاملے پر ہندوستان کی حمایت کا فیصلہ کیا۔
2012 - نائیجیریا میں مسلح افراد نے 20 طلبہ کو قتل کر دیا۔
2014 - وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں ایک قومی تحریک کے طور پر ’سوچھ بھارت مشن‘ کا آغاز کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن