
ڈوڈہ پولیس نے مکان مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا
جموں، 07 جنوری (ہ س)۔ یومِ جمہوریہ کی آمد کے پیشِ نظر سیکورٹی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ کے احکامات کی خلاف ورزی پر ایک مکان مالک کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی ہے۔ پولیس نے بغیر لازمی تصدیق کے کرایہ دار رکھنے کے معاملے میں بی این ایس کی دفعہ 223 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق معمول کی گشت کے دوران صدیق آباد، ڈوڈہ میں پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کی ٹیم نے ایک شخص کو مشتبہ حالت میں پایا۔ پوچھ گچھ پر اس کی شناخت ملک علی سکنہ آسام کے طور پر ہوئی، جس نے انکشاف کیا کہ وہ صدیق آباد میں ایک کرایہ کے مکان میں مقیم ہے۔
بعد ازاں پولیس ٹیم نے متعلقہ رہائشی مکان کا معائنہ کیا جہاں مذکورہ شخص کا سامان موجود پایا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مکان مالک عبدالقیوم ولد احمد شاہ سکنہ صدیق آباد ڈوڈہ نے بغیر لازمی پولیس تصدیق اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیے بغیر کرایہ دار رکھا، جو ضلع مجسٹریٹ کے جاری احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 05/2026 بی این ایس کی دفعہ 223 کے تحت درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ڈوڈہ پولیس نے تمام مکان مالکان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کرایہ داروں کی تصدیق کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر