
واشنگٹن/کاراکس، 5 جنوری (ہ س)۔ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس پیر کو وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ وینزویلا پر فوجی حملے کے بعد گرفتار کرکے امریکہ لائے گئے مادورو اور فلور یس کونارکو-ٹیررزم کے الزامات کا سامنا کرنا ہوگا۔ دریں اثناء وینزویلا میں لوگ خوفزدہ ہیں۔ وہ مستقبل کے بارے میں خوفزدہ ہیں۔ گلیاں سنسان ہیں۔ لوگ روزمرہ کی ضروری اشیاء اور ادویات جمع کر رہے ہیں۔
سی بی ایس نیوز نے رپورٹ کیا کہ وینزویلا کے آمر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ پیر کو وفاقی جج کے سامنے پیش ہوں گے۔ نیویارک کے جنوبی ضلع کے لیے امریکی ضلع عدالت کے ترجمان نے اتوار کو اس کی تصدیق کی۔ ترجمان نے کہا کہ مادورو اور سیلیا فلوریس پیر کو دوپہر 12 بجے وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔ ہفتے کے روز کاراکس میں امریکی فوجی آپریشن کے دوران وینزویلا سے بے دخل کیے جانے کے بعد مجرمانہ الزامات پر یہ ان کی پہلی عدالت میں پیشی ہوگی۔ مادورو ہفتے کی رات تقریباً 8:52 بجے بروکلین کے میٹروپولیٹن حراستی مرکز پہنچے۔ ان کی اہلیہ کو نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔
کانگریس کو بریفنگ دی جائے گی:
اطلاعات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اہلکارپیر کی شام 5:30 بجے کانگریس کے منتخب اراکین کو وینزویلا کے بارے میں ایک خفیہ بریفنگ فراہم کریں گے۔ انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیوسکریٹری جنگ پیٹ ہیگستھ، اٹارنی جنرل پام بوندی، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ڈین کین کانگریس کو پورے فوجی آپریشن کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔
وینزویلا میں چار امریکی زیر حراست :
ایک وکیل کے مطابق وینزویلا میں کم از کم چار امریکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ امریکی حکومت کو معلوم ہے کہ وینزویلا میں تعطیلات سے قبل حراست میں لیے گئے کچھ امریکی اب بھی وہاں موجود ہیں۔ سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا کہ ہمیں ہر اس امریکی کو واپس لانے کے لیے کام کرنا چاہیے جسے غلط طریقے سے بیرون ملک حراست میں لیا گیا ہے۔
وینزویلا مادورو کے ساتھ کھڑا ہے:
فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، وینزویلا کے ایک سینئر اہلکار نے اتوار کو کہا کہ ملک مادورو کے پیچھے متحد ہے۔ ایک ریکارڈنگ میں وزیر داخلہ ڈیوسڈاڈو کابیلو نے کہا کہ انقلابی قوتوں کا اتحاد بالکل یقینی ہے۔ مادورو ملک کے صدر ہیں اور رہیں گے۔ دریں اثنا نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے ملک کی عبوری قیادت سنبھال لی ہے۔
اپوزیشن جشن منا رہی ہے:
سی این این نے اطلاع دی ہے کہ وینزویلا غیر یقینی کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ دارالحکومت اور دیگر شہروں کی سڑکیں سنسان ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی سے لوگ باہر نکلنے سے خوفزدہ ہیں۔ لوگ ضروری اشیاء اور ادویات کا ذخیرہ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن خاموشی سے جشن منا رہی ہے۔ ماراکائیبو کے آئل ہب میں گروسری اسٹورز کے باہر لمبی لائنیں لگ رہی ہیں۔ یہ غیر یقینی صورتحال وسیع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد